صنم ماروی کا کراچی آرٹس کونسل کے صدر پر تذلیل کا الزام، 5 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

IMG-20250811-WA0000

معروف لوک گلوکارہ صنم ماروی نے آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ کو توہین کرنے کے الزام میں 5 کروڑ روپے کے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

صنم ماروی نے سندھ حکومت کی جانب سے جشن آزادی اور معرکہ حق کے حوالے سے منعقد کیے گئے سکھر میوزیکل ایونٹ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے پر محمد احمد شاہ کو قانونی نوٹس بھجوایا۔

گلوکارہ کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں بتایا گیا کہ محمد احمد شاہ کے رویے نے نہ صرف صنم ماروی کی ذہنی و جذباتی حالت کو متاثر کیا بلکہ فنکاروں کے ساتھ پیشہ ورانہ سلوک پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

صنم ماروی نے الزام عائد کیا کہ احمد شاہ نے ان کے ساتھ غیر مناسب سلوک کیا، انہیں اسٹیج پر پرفارمنس کے لیے انتہائی تاخیر سے مدعو کیا گیا۔

گلوکارہ نے محمد احمد شاہ پر نامناسب اور سخت زبان استعمال کرنے سمیت دھمکیاں اور دھکے دینے کا الزام بھی عائد کیا۔

گلوکارہ نے اپنے نوٹس میں کہا کہ صدر کراچی آرٹس کونسل کے رویے سے گلوکارہ شدید ذہنی دباؤ اور تکلیف کا شکار ہوئیں۔

صنم ماروی نے یہ بھی کہا کہ احمد شاہ نے انہیں سندھی فنکارہ ہونے کی سزا دی، تعصب کی بنیاد پر ان کی پرفارمنس کو روکا گیا، ان کی پرفارمنس راحت فتح علی خان سے پہلے طے تھی لیکن تاخیر سے پرفارمنس کرنے کا کہا گیا۔

دوسری جانب محمد احمد شاہ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنم ماروی کو ڈھائی گھنٹے انتظار کروایا گیا کیونکہ وہ وقت پر نہیں پہنچیں تھیں، اس لیے انہیں بھی انتظار کروایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک پیشہ ور فنکار کو وقت کی پابندی کرنی چاہیے، قانونی نوٹس کا جواب قانون کے مطابق دیا جائے گا۔
احمد شاہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایونٹ کے شیڈول کو برقرار رکھنے کے لیے فیصلہ کیا اور اس میں کوئی تعصب شامل نہیں تھا۔