پہلی بار سندھ کے ڈاکٹرز روایتی چینی میڈیکل تعلیم کے لیے چین پہنچ گئے

images (4)

سندھ کے پہلے گروپ کے ڈاکٹرز روایتی چینی طب کی خصوصی تربیت کیلئے چین پہنچ گئے

سندھ کے پہلے گروپ کے ڈاکٹرز روایتی چینی طب (Traditional Chinese Medicine – TCM) کی خصوصی تربیت کے لیے چین پہنچے ہیں، جو پاکستان اور چین کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔

افتتاحی تقریب پیر کو ہونان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے فرسٹ ایفیلی ایٹڈ ہسپتال میں منعقد ہوئی، جہاں حکومتِ سندھ کی جانب سے نامزد چھ پاکستانی ڈاکٹرز نے اپنی اعلیٰ تربیت کا آغاز کیا۔ اس اقدام کی سرپرستی ہونان یونیورسٹی آف میڈیسن اور ہونان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کر رہی ہیں، جس کا مقصد پاکستان میں روایتی چینی طب کے ماہرین تیار کرنا ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی اور او آئی سی-کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے اس پروگرام کو پاکستان اور چین کے درمیان صحت اور روایتی طب میں شراکت داری کا نیا باب قرار دیا۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر ژن من لیو کی کاوشوں کو سراہا، جنہوں نے چین-پاکستان جوائنٹ سینٹر فار ٹریڈیشنل میڈیسن قائم کیا، مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کیے اور وسیع تربیتی مواقع فراہم کیے۔

ڈاکٹر اقبال چوہدری نے مزید بتایا کہ نیشنل ایڈمنسٹریشن آف ٹریڈیشنل چائنیز میڈیسن (NATCM) اور کامسٹیک کے تعاون سے جاری منصوبوں میں ٹیکنیشن اور پوسٹ ڈاکٹریٹ ٹریننگ، اسپیس میڈیسن ریسرچ، بایومیڈیکل سائنسز میں مصنوعی ذہانت کے استعمال اور چین کے معروف اداروں کے ساتھ مشترکہ تحقیقی منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے سندھ کی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور صوبائی حکومت کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز کو TCM تربیت کے لیے بھیجنا ملک میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنائے گا۔ ڈاکٹر چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین، جو سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کر رہے ہیں، روایتی علاج کے نظام — چینی طب اور یونانی طب — کے ورثے کے حامل ہیں، جنہیں جدید اور شواہد پر مبنی طریقہ علاج کے ساتھ یکجا کر کے عوام کو زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔

دیگر مقررین میں ہونان یونیورسٹی آف میڈیسن کے صدر مسٹر ہی چنگہو، پاکستان میں چینی سفارتخانے کے فرسٹ سیکریٹری مسٹر ین شینگ شن، چین میں پاکستانی سفارتخانے کے سائنس و ٹیکنالوجی کاؤنسلر مسٹر خان محمد وزیر، فرسٹ ایفیلی ایٹڈ ہسپتال کے سیکریٹری مسٹر تان ہو، فیکلٹی نمائندہ مسٹر ہو شا، ہونان صوبائی ایڈمنسٹریشن آف TCM کے ڈائریکٹر مسٹر ہی کے اور تربیت حاصل کرنے والے ڈاکٹرز کی نمائندگی کرنے والے ڈاکٹر دبیر احمد خان شامل تھے۔

تقریب میں دیگر معزز شرکاء میں ہونان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے انٹرنیشنل ایکسچینج آفس کے ڈائریکٹر مسٹر تیان شو فائی، ننگبو یونیورسٹی کے نیو ڈرگ ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مسٹر ڈو کیاؤ بی، سینئر سائنسدان اور دونوں اداروں کے فیکلٹی ممبران شامل تھے۔

ڈاکٹر اقبال چوہدری نے تقریب کے اختتام پر دونوں یونیورسٹیوں کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور صحت کے شعبے میں عملی، عوامی فائدے پر مبنی سائنسی تعاون کے لیے کامسٹیک کے عزم کو دہرایا۔