میت میں شرکت کے لیے خیرپور جانے والے خاندان کے سات افراد نوشہروفیروز کے قریب روڈ حادثے میں جاں بحق

جنازے میں شرکت کے لیے خیرپور جانے والے بدنصیب خاندان کی گاڑی کے ساتھ نوشہروفیروز کے قریب قومی شاہراہ پر بدترین حادثہ پیش آنے سے خاندان کے ساتوں افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سندھوجا تھانہ کی حدود میں قومی شاہراہ پر ایک خراب ٹرالر کھڑا تھا جس کی وجہ سے آگے جانے والی مہران کار نے سست رفتاری اختیار کی لیکن اسی دوران پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر نے کار کو زور دار ٹکر ماردی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور گاڑی میں سوار تمام سات افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے سبھی افراد ضلع خیرپور کے علاقے لقمان جانوری کے رہائشی تھے۔
جاں بحق ہونے والے علی احمد جانوری اپنے والد کی میت میں شرکت کے لیے آبائی گاؤں جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔
بعدازاں متاثرہ خاندان کی میتیں آبائی گاؤں لقمان روانہ کر دی گئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سدوجا اور ڈی ایس پی مورو موقع پر پہنچ گئے جبکہ ڈی ایچ او نوشہروفیروز کی جانب سے ایمبولینسیں روانہ کرکے لاشوں کو مورو اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرنے کا عمل شروع کردیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ حادثہ انتہائی دلخراش ہے اور حکومت متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت بھی دی۔