سیلابی ریلے سندھ میں داخل، بیراجوں میں پانی میں اضافہ، سندھ بھر میں بارشیں

0
1507894_9024872_sindh-flod_akhbar

پنجاب سے آنے والے سیلابی ریلے سندھ میں داخل ہو چکے ہیں جس کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

گڈو بیراج پر اس وقت پانی کی آمد تقریباً ساڑھے چار لاکھ کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اخراج بھی اسی کے قریب ہے۔

سکھر بیراج پر پانی کی آمد ساڑھے تین لاکھ کیوسک سے تجاوز کرچکی ہے اور اخراج بھی تقریباً اتنا ہی ہے۔

کوٹڑی بیراج پر پانی کی آمد دو لاکھ کیوسک سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔ بیراجوں پر پانی کے اضافے کے بعد نشیبی علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب صوبے بھر میں بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، لاڑکانہ، خیرپور اور دیگر شہروں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں اور شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کرنے اور نالوں کی صفائی کے لیے ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔

ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق بیراجوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تبصرہ کریں