سندھ کو شدید گرم موسم کا سامنا، ایک درجن سے زائد شہروں میں پارہ 45 ڈگری سے بڑھ گیا

سندھ کے زیادہ تر شہر اور علاقے اس وقت شدید گرم موسم کی لپیٹ میں ہے، شمالی اور وسطی اضلاع اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجہ حرارت معمول سے کئی درجے بڑھ چکا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 45 ڈگری اور اس سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، ایک درجن سے زائد شہروں کا درجہ حرارت 45 ڈگری سے زیادہ رہنے لگا ہے۔
جون کے پہلے ہفتے تک جیکب آباد صوبے کا گرم ترین شہر رہا، جہاں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ دادو میں 47 اور خیرپور میں 46 ڈگری ریکارڈ ہوا۔ دوسری جانب صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت ساحلی شہروں اور علاقوں میں گرمی نسبتاً کم رہی، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ گرمی کی لہر وسط جون تک جاری رہ سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس موسم کی شدت کی وجہ ہوا کے دباؤ میں اضافہ ہے جس نے درجہ حرارت کو معمول سے 3 سے 5 ڈگری زیادہ کر دیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق سندھ کے مختلف اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے مشتبہ کیسز بڑھنے لگے ہیں جبکہ زراعت سے وابستہ ماہرین نے کسانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور مویشیوں کے لیے پانی کا مؤثر بندوبست کریں۔