ٹی وی میزبان امتیاز میر کراچی میں دہشت گردی کا نشانہ

سندھی، اردو اور انگریزی کرنٹ افیئرز اینکر امتیاز میر صوبائی دارالحکومت کراچی میں فائرنگ کا نشانہ بننے کے بعد تشویش ناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق امتیاز میر پر ملیر کے علاقے کالا بورڈ پر موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون نے 21 اور 22 ستمبر کی درمیانی شب فائرنگ کی، جس سے وہ شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق اینکر کو دو گولیاں لگیں، انہیں فوری طور ہسپتال منتقل کردیا گیا، تاحال وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔
اینکر کے ساتھیوں نے میڈیا کو بتایا کہ امتیاز میر اتوار اور پیر کی درمیانی شب دفتر سے واپس اپنے گھر جا رہے تھے، ملیر کالا بورڈ کے قریب پہنچے تھے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔ گاڑی میں ان کے ساتھ ان کے ڈرائیور جو ان کے بھائی بھی ہیں موجود تھے۔
ساتھیوں کے مطابق ڈرائیور کے بھی ہاتھ میں گولی لگی جبکہ امتیاز میر کو ٹارگٹ کر کے مارا گیا، ان کو تین گولیاں لگیں، ایک چہرے پر اور دو گولیاں سینے میں لگیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے رپورٹ طلب کر لی۔