گلوکارہ فائزہ علی نے زائد العمر شخص سے منگنی کی تصدیق کردی
فائزہ علی نے منگنی کی ویڈیو اپنے فیس بک پر شیئر کی—فائل فوٹو: فیس بک
مقبول نوجوان گلوکارہ فائزہ علی نے فیڈرل بورڈ آف روینیو (ایف بی آر) کے ان لینڈ روینیو کمشنر عبدالحمید ابڑو سے منگنی کی تصدیق کردی۔
گلوکارہ نے اپنے فیس بک پر منگنی کی مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں خوشگوار موڈ میں اپنے منگیتر کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے فائزہ علی نے خدا کے شکرانے ادا کیے، تاہم انہوں نے کیپشن میں مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔
ویڈیو میں انہیں عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ پس منظر میں شادی سے متعلق گانا سنائی دیتا ہے۔
اسی ویڈیو کو عبدالحمید ابڑو نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی جیون ساتھی فائزہ علی نے منگنی کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کردی اور ساتھ ہی انہوں نے جلنے والوں کے لیے بھی پیغام لکھا۔
مذکورہ ویڈیو سے قبل بھی فائزہ علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عبدالحمید ابڑو کے ہمراہ ویڈیوز شیئر کی تھیں جب کہ انہوں نے ان کی تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنی محبت بھی قرار دیا تھا، جس پر لوگوں نے ان پر شدید تنقید کی تھی۔
@singerfaizaali58 Kya kren dil ka ?💔
فائزہ علی کی محبت اور منگنی گزشتہ ایک ہفتے سے سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی تھی، انہیں خود سے دگنی عمر کے مرد کے ساتھ رشتہ جوڑنے پر طعنے دیے گئے اور انہیں لالچی کہا گیا۔
سوشل میڈیا پر لوگوں نے دعوے کیے کہ فائزہ علی نے خود سے زائد العمر سے شادی کے لیے پانچ کروڑ روپے نقد لینے سمیت بہت بڑے رقبے پر محیط گھر بھی لیا ہے، تاہم گلوکارہ اور عبدالحمید ابڑو نے ایسی کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی ان الزامات کو مسترد کیا۔
@singerfaizaali58 💯😊😔
سوشل میڈیا پر لوگوں نے فائزہ علی کی خود سے زائد العمر شخص سے منگنی اور محبت کی تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے ان پر سخت تنقید کی اور انہیں طعنے بھی دیے، تاہم بہت سارے لوگوں نے گلوکارہ کی حمایت کرتے ہوئے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔
فائزہ علی اپنی خوبصورتی اور کم عمری کی وجہ سے نئی نسل میں بہت مقبول ہیں اور آئے دن سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتی رہتی ہیں۔