سندھ میں بڑے پیمانے پر جعلی ادویات بنائے جانے کا انکشاف

فائل فوٹو: وائرز

سندھ میں ادویات کی چیکنگ کرنے والے ماہرین نے انکشاف کیاہے کہ دارالحکومت کراچی میں بڑے پیمانے پر جعلی ادویات تیار کی جا رہی ہیں جب کہ صوبے بھر سے حال ہی میں مختلف چھاپوں کے دوران پکڑی گئی تمام ادویات جعلی تھیں۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیف ڈرگ لیبارٹری سندھ عدنان رضوی نے بتایا کہ حال ہی میں دارالحکومت کراچی سمیت صوبے کے دیگر علاقوں سے چھاپوں کے دوران پکڑی گئی تمام ادویات جعلی نکلیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چھاپوں کے دوران پکڑی گئی جان بچانے والی ادویات سمیت اینٹی بائیوٹک  بھی جعلی نکلیں، جن میں چاک سمیت دیگر چیزوں کی ملاوٹ کی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سندھ میں ٹیسٹ کے لیے آئی ایک بھی دوا اصلی نہیں تھی،کچھ اینٹی بائیوٹک ادویات میں کیلشیئم کاربونیٹ یا چاک ملا ہوا تھا۔

چیف ڈرگ لیبارٹری سندھ عدنان رضوی کا کہنا ہےکہ کچھ دواؤں میں کم درجےکی دوسری اینٹی بائیوٹک کا خام مال تھا۔

انہوں نے بتایا کہ  سندھ میں چھاپوں میں ملیں نفسیاتی اور دماغی امراض کی ادویات بھی جعلی نکلیں۔

ڈرگ لیبارٹری کے حکام کا کہنا ہےکہ پاکستان کے تمام صوبوں میں جعلی ادویات بنانے کا کاروبار  زور  پکڑ گیا ہے،کراچی کے مختلف علاقوں، پنجاب کےکئی شہروں اور خیبرپختونخوا میں جعلی دوائیں بن رہی ہیں۔