گلوکارہ فائزہ علی شادی کے بندھن میں بندھ گئیں
فائزہ علی رخصتی سے قبل گلوکارہ خوشبو لغاری کے ہمراہ — فوٹو” فائزہ علی فیس بک
مقبول نوجوان گلوکارہ فائزہ علی فیڈرل بورڈ آف روینیو (ایف بی آر) کے ان لینڈ روینیو کمشنر عبدالحمید ابڑو کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
دونوں نے ایک ہفتہ قبل ہی اپنی منگنی کی تصدیق کی تھی اور فائزہ نے منگنی کی ویڈیو اپنے فیس بک پر شیئر کی تھی جب کہ ان کے منگیتر نے بھی اسی ویڈیو کو شیئر کیا تھا۔
دونوں نے منگنی کے وقت یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ کب تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، تاہم اب انہوں نے شادی بھی کرلی۔
دونوں کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں اور گلوکارہ نے اپنے فیس بک پر بھی اپنی شادی کی تصدیق کی، جہاں انہوں نے ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔
ان کی شادی میں شرکت کرنے والے متعدد گلوکاروں اور سندھی شوبز شخصیات نے ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
معروف گلوکارہ شہنیلا علی نے بھی فائزہ علی کی شادی کی تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں نئی زندگی شروع کرنے کی مبارک باد پیش کی۔
شہنیلا علی نے فائزہ علی کے ہمراہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایک اور پوسٹ میں فائزہ علی پر تنقید کرنے والے افراد کو بھی کرارا جواب دیا اور لکھا کہ گلوکارہ نے مذہب اسلام کے مطابق نکاح کیا ہے، کوئی غلط کام نہیں کیا کہ انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں دیگر افراد نے بھی فائزہ علی کی شادی کی تصاویر و ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
فائزہ علی کو خود سے دگنی عمر کے شخص سے شادی کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں پیسوں کی لالچی خاتون قرار دیا گیا۔
فائزہ علی اپنی خوبصورتی اور کم عمری کی وجہ سے نئی نسل میں بہت مقبول ہیں اور آئے دن سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتی رہتی ہیں۔