پنو عاقل میں وحشی شوہر نے بیوی اور بیٹی پر تیزاب پھینک دیا
فوٹو: وائرز
شمالی سندھ کے مرکزی ضلع سکھر کی تحصیل پنوعاقل کے قریب وحشی شخص نے اپنی اہلیہ اور سوتیلی کم سن بیٹی پر تیزاب پھینک کر انہیں جلا ڈالا، جس سے بچی چل بسیں۔
پنو عاقل کے گاؤں دادلو میں ملزم محرم علی، ان کے والد اور دو بھائیوں نے مل کر خاتون فرزانہ میربحر (میرانی) اور کم سن بچی یسریٰ پر تیزاب پھینک کر انہیں شدید زخمی کردیا، جنہیں رات دیر گئے اسپتال پہنچایا گیا۔
شمالی سندھ میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی رہنما ڈاکٹر عائشہ دھاریجو نے واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) شیئر کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات بھی لکھیں اور بتایا کہ کم سن بچی یسریٰ اسپتال میں دوران علاج چل بسیں۔
انہوں نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ تیزاب حملے میں زخمی ماں اور بیٹی کو بعد ازاں گمبٹ اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں بچی زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔
ان کی جانب سے شیئر کردہ ایف آئی آر کے مطابق ملزم محرم علی نے زمین میں حصہ مانگنے پر طیش میں آکر اپنی بیوی مسمات فرزانہ اور ان کی 8 سالہ بیٹی یسرا پر تیزاب ہھینک دیا اور فرار ہوگئے۔
ایف آئی آر کے مطابق محرم علی متاثرہ خاتون کے دوسرے شوہر ہیں، اس سے قبل خاتون نے ملزم کے بھائی سے شادی کی تھی، جن کے انتقال کے بعد خاتون نے ملزم سے دوسری شادی کی اور خاتون اپنے شوہر سے سابق شوہر کے دونوں کی ملکیت کا حصہ مانگتی رہتی تھیں، جس پر شوہر اور سسر ان سے نالاں رہتے تھے۔
خاتون پر تیزاب حملے کا مقدمہ ان کے بھائی کی مدعیت میں لکھا گیا جو کہ واردات کے وقت وہاں موجود تھا۔
مقدمہ داخل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم محرم علی اور ان کے والد کو گرفتار کرلیا جب کہ تاحال مزید دو ملزمان یعنی متاثرہ خاتون کے دیور فرار ہیں