سرسو کا 600 دیہات کے افراد کو مدد فراہم کرنے کا دعویٰ

فوٹو: سرسو، ٹوئٹر

فلاحی ادارے سندھ رورل سپورٹ پروگرام (سرسو) نے سیلاب سے متاثر صوبے کے 17 اضلاع کے 600 کے قریب دیہات کے ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد کو امداد فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تنظیم نے اب تک 14 کروڑ روپے کی مالیت کی چیزیں اور نقد رقم متاثرین میں تقسیم کی۔

سندھ میٹرس کو تنطیم کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق تنظیم نے حکومت سندھ سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلاحی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں اور اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب افراد کو مدد فراہم کی جا چکی ہے۔

تنطیم نے سیلاب متاثرین کو مدد فراہم کرنے کے علاوہ مویشیوں کی خوراک کے لیے بھی لوگوں کی مدد کی جب کہ صوبے بھر کے ڈیڑھ لاکھ مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے کی ویکسینز بھی لگائیں۔

ادارے کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے بعد 15 اکتوبر تک ادارے نے صوبے کے 17 سیلاب متاثر اضلاع کے 573 گائوں میں امدادی سرگرمیوں کے ذریعے بچوں، خواتین اور مرد حضرات کی بلا تفریق مدد کی اور مجموعی طور پر ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کو مدد فراہم کی گئ۔

اعداد و شمار کے مطابق تنظیم نے سندھ حکومت سمیت دیگر اداروں کی معاونت سے 14 کروڑ روپے مالیت کے راشن بیگز، نقد رقم، خیمے، بسترے، کپڑے، جوتے، مچھر دانیاں اور ادویات فراہم کیں۔

 

تنظیم نے 14 ہزار کے قریب راشن بیگز بھی لوگوں میں تقسیم کیے جب کہ 4 ہزار کے قریب مویشیوں کےلیے خوراک بھی فراہم کی، علاوہ ازیں خواتین اور بچوں کے استعمال میں آنے چیزیں کی تین ہزار کے قریب کٹس بھی لوگوں میں تقسیم کیں۔

ادارے نے بعض سیلاب متاثرہ علاقوں میں 60 ہزار تیار کھانوں کے پیکٹ بھی تقسیم کیے جب کہ بچوں اور خواتین سمیت مرد حضرات کو کپڑے اور جوتے بھی دیے گئے۔

تنطیم نے 70 کے قریب گائوں میں مچھروں سے بچائو کے  لیے اسپرے بھی کیا جب کہ مختلف طبی امدادی کیمپس میں 10 ہزار کے قریب افراد کا علاج کرکے انہیں ادویات بھی فراہم کی گئیں۔