میرپور خاص کے عورت کیفے اور عورت کاروباری مرکز کے چرچے
فوٹو: بی بی سی اردو
میرپورخاص شہر میں یورپین یونین (ای یو) کے خواتین کو خود مختار بنانے کے ایک منصوبے کے تحت کھولے گئے کاروباری مرکز میں خواتین کی جانب سے مختلف کاروبار شروع کیے جانے کے بعد اب کئی خواتین ملازمت یا کاروبار کی جانب راغب ہو رہی ہیں۔
میرپورخاص ڈویژن ہیڈ کوارٹر سمیت ضلعی ہیڈکوارٹر شہر ہیں، جہاں خواتین کے لیے ملازمت یا کاروبار کے مواقع کم ہیں۔
نہ صرف میرپور خاص شہر بلکہ دارالحکومت کراچی کے علاوہ صوبے کے دیگر شہروں میں خواتین کی ملازمت یا کاروبار کے مواقع بہت کم ہیں اور دوسرے شہروں میں خواتین کے کام کرنے کو سماجی حوالے سے معیوب بھی سمجھا جاتا ہے۔
لیکن کچھ عرصہ قبل یورپین یونین نے میرپور خاص میں خواتین کو مالی طور پر خود مختار بنانے کے لیے ایک منصوبے کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت ایک مخصوص علاقے میں خواتین کو دکانیں اور ہوٹلیں کھول کر دی گئی تھیں، جہاں اب اچھا خاصا کاروبار ہونے لگا ہے۔
’بی بی سی اردو‘ کی رپورٹ کے مطابق ’سجان عورت کاروباری مرکز‘ کے نام سے بنائے گئے خصوصی بزنس زون میں خواتین کو مختلف کاروباری دکانیں اور چھوٹے ڈھابے کی طرز کے ہوٹل کھول کر دیے گئے تھے، جہاں اب اچھا خاصا کاروبار ہونے لگا ہے۔
وہیں موجود ایک ڈھابے کو نوجوان لڑکیاں چلاتی ہیں جو کہ اپنے گھر کو چلانے کے لیے یہاں آئی تھیں۔
عورت کیفے کو چلانے والی لڑکیوں نے بتایا کہ شروع میں انہیں کچھ مشکلات پیش آئیں مگر اب انہیں کوئی پریشانی نہیں اور ان کے مالی حالات بھی بہتر ہونے لگے ہیں، ان کا کاروبار چل پڑا ہے۔