دعا بھٹو نے حلیم عادل سے خلع کے لیے عدالت سے رجوع

فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن سندھ اسمبلی، سابق نیوز کاسٹر اور ماڈل دعا بھٹو نے شوہر حلیم عادل شیخ سے خلع لینے کے لیے ملیر کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

دعا بھٹو اور حلیم عادل شیخ نے چار سال قبل 2018 میں شادی کی تھی، تاہم دونوں نے شادی کو تین سال تک خفیہ رکھا تھا لیکن ستمبر 2021 میں دعا بھٹو کے ہاں بچے کی پیدائش کے بعد حلیم عادل شیخ نے شادی کو تسلیم کیا تھا۔

دونوں میاں اور بیوی کا تعلق ایک ہی پارٹی سے ہے اور حلیم عادل شیخ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی ہیں۔

دعا بھٹو نے 28 اکتوبر کو ملیر کی فیملی کورٹ میں ٰخلع کی درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے جلد فیصلہ کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔

انہوں نے اپنی درخواست میں نجی اور گھریلو مسائل کا ذکر کرتے ہوئے حلیم عادل سے خلع مانگی ہے۔

دعا بھتو کی یہ پہلی جب کہ حلیم عادل شیخ کی دوسری شادی ہے اور دونوں کی عمر میں بیس سال سے زائد کا فرق ہے۔

حلیم عادل شیخ کو پہلی اہلیہ سے سات بچے ہیں اور ان کی ایک نوجوان بیٹی ان کی اہلیہ دعا بھٹو سے چند سال کم عمر ہیں۔

دعا بھٹو پی ٹی آئی کی خصوصی نشست پر رکن اسمبلی ہیں جب کہ حلیم عادل شیخ ملیر سے الیکشن جیتے تھے۔

دعا بھٹو سیاست میں آنے سے قبل شوبز سے وابستہ تھیں اور انہوں نے متعدد سندھی اور بعض اردو گانوں پر پرفارمنس بھی کر رکھی ہے، انہوں نے چند ڈراموں میں کردار ادا کرنے کے علاوہ کمرشلز میں بھی کام کیا ہے۔

شوبز کا حصہ بننے سے قبل دعا بھٹو سندھی نیوز چینل پر نیوز کاسٹر تھیں اور اطلاعات کے مطابق ان کے اور حلیم عادل شیخ کے روابط چند سال تھے اور ان میں مزید گہرے مراسم دعا بھٹو کے سیاست میں آنے کے بعد ہوئے جو بلآخر خفیہ شادی میں تبدیل ہوئے لیکن اب انہوں نے شوہر سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔