اہلیہ دعا بھٹو کا خلع کا دعویٰ پیپلز پارٹی کی سازش ہے، حلیم عادل شیخ

فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے اہلیہ دعا بھٹو کی جانب سے خلع کے لیے دائر کی گئی درخواست کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سازش قرار دے دیا۔

دعا بھتو نے حلیم عادل شیخ سے طلاق کے لیے 28 اکتوبر کو ملیر کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

دونوں نے چار سال قبل شادی کی تھی، جسے تین سال تک خفیہ رکھا گیا اور ستمبر 2021 میں دعا بھٹو کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد شادی کا اعتراف کیا گیا تھا۔

دعا بھٹو بھی پی ٹی آئی کی خصوصی نشست پر رکن سندھ اسمبلی ہیں اور وہ سیاست میں آنے سے قبل شوبز اور میڈیا سے وابستہ تھیں، ان کے حلیم عادل شیخ سے کئی سال سے مراسم تھے۔

دعا بھٹو کی جانب سے خلع کی درخواست دائر کرنے کے بعد حلیم عادل شیخ نے اپنے ویڈیو بیان میں بیوی کی جانب سے طلاق کی خواہش کو پیپلز پارٹی اور اس کی اعلیٰ قیادت کی سازش قرار دیا۔

 

انہوں نے جاری کردہ ویڈیو میں کہا کہ انہیں کمزور کرنے کے لیے پیپلز پارٹی نے آخری حربہ استعمال کرتے ہوئے ان کے گھر کو استعمال کیا ہے لیکن وہ کمزور نہیں ہوں گے۔

 حلیم عادل شیخ کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ میں نے سوچا بھی نہیں تھا ایسا ہونے جارہا ہے، عورت ذات کمزور ہوتی ہے، لگ رہا ہے دعا بھٹو سے بڑے خوف یا سازش کے تحت یہ سب کرایا گیا ہے

قائد حزب اختلاف سندھنے کہا کہ میں اس وقت لاہور میں آزادی مارچ میں شریک ہوں، میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا دعا بھٹو نے خلا کیلئے عدالت سے رجوع کیا، یہ بھی ایک سلسلہ ہے انتقامی کارروائیوں کا جو میرے خلاف کی جارہی ہیں، پہلے مجھ پر جھوٹے کیسز بنائے گئے پھر جیلوں میں ڈالا گیا، اس سازش کے لیے آج کا دن چنا گیا جس پر مجھے افسوس ہے۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ نکاح ہو یا طلاق دونوں جائز کام ہیں، لیکن طلاق وہ جائز کام ہے جو نہ اللہ کو پسند ہے نہ دین کو، میں نے سوچا بھی نہیں تھا ایسا ہونے جارہا ہے، عورت ذات کمزور ہوتی ہے، لگ رہا ہے دعا بھٹو سے بڑے خوف یا سازش کے تحت یہ سب کرایا گیا ہے، جب میں جیل میں تھا تو میرا ان سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا، ناراض تھیں مجھے نہیں پتہ یہاں تک معاملات جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں مجھ سے کوئی غلطی نہیں ہوئی کہ اس حد تک انہیں جانا پڑا، پچھلے دنوں ان کا نام ایف آئی آر میں ڈالنے کی کوشش کی گئی، ہر شخص خوف برداشت نہیں کر سکتا خواتین تو ویسے بھی کمزور ہوتی ہیں، رشتے توڑنے کے لیے نہیں ہوتے جوڑنے کے لیے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی سازش ہے پیپلز پارٹی اور اس مافیا کی، عدالتوں میں جاؤں گا الزامات کا جواب دوں گا۔