دعا بھٹو کی بیٹے کی حوالگی کیلئے درخواست دائر
ملیر کراچی کی فیملی کورٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف کی رکنِ سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے اپنے بیٹے کی حوالگی اور اس کا سربراہ مقرر کرنے کی درخواست بھی دائر کر دی۔
دعا بھتو نے حلیم عادل شیخ سے طلاق کے لیے 28 اکتوبر کو ملیر کی فیملی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
دونوں نے چار سال قبل شادی کی تھی، جسے تین سال تک خفیہ رکھا گیا اور ستمبر 2021 میں دعا بھٹو کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد شادی کا اعتراف کیا گیا تھا۔
دعا بھٹو بھی پی ٹی آئی کی خصوصی نشست پر رکن سندھ اسمبلی ہیں اور وہ سیاست میں آنے سے قبل شوبز اور میڈیا سے وابستہ تھیں، ان کے حلیم عادل شیخ سے کئی سال سے مراسم تھے.
دعا بھٹو کی جانب سے درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بیٹے کامل حلیم کی کسٹڈی مستقل طور پر میرے حوالے کی جائے۔
انہوں نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ مجھے حلیم عادل شیخ سے رہائش کی مد میں 2 لاکھ روپے ماہانہ دلوائے جائیں، مجھے کمسن بیٹے کامل حلیم کی سربراہ مقرر کیا جائے۔
دعا بھٹو کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میرے بیٹے کو پاکستان اور ملک سے باہر کہیں بھی لے جانے کی اجازت مجھے دی جائے۔
پی ٹی آئی کی رکنِ سندھ اسمبلی نے عدالت سے یہ استدعا بھی کی ہے کہ حلیم عادل شیخ سے میرا اصل شناختی کارڈ واپس دلوایا جائے، بچے کا پیدائشی سرٹیفکیٹ اور ب فارم بھی واپس دلوایا جائے۔