مچھر کالونی میں 2 ملازمین کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے آپریشن

کراچی میں ڈی آئی جی ساؤتھ کے حکم پر مچھر کالونی میں ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کو تشدد کر کے قتل کرنے کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے بعد تشدد میں ملوث ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا.

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کی شناخت محمد شریف عرف شرفو کے نام سے ہوئی، گرفتار زخمی ملزم کو فوٹیجز میں نجی ٹیلی کام کمپنی کے ملازمین پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

گذشتہ روز واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 16 مشکوک افرادک و حراست میں لیا تھا زیر حراست افراد میں مسجد کے مہتمم بھی شامل ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ مقدمہ میں 15 ملزمان اور 200 سے 250 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمہ میں کہا گیا کہ اسحاق اپنے انجینیئر ایمن جاوید کے ساتھ سگنل ٹیسٹنگ کے لیے مچھر کالونی آیا ،دونوں افراد کو 200سے 250افراد نے پتھروں ڈنڈوں،بلاکوں سے تشدد کرکے قتل کیا اور استعمال گاڑی کو توڑ پھوڑ کرکے مشتعل افراد نے آگ لگادی۔

ایس ایس پی کیماڑی کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام کمپنی کے 2 ملازمین کو تشدد کرکے ہلاک کرنے والے ملزمان کی تلاش میں مچھر کالونی میں جنگل سائیڈ کے علاقے میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران پولیس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلہ میں ایک مسلح ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران پولیس پر حملہ کرنے والے دیگر مسلح ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔