حیدرآباد میں بھی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان
فوٹو: شرجیل انعام میمن، ٹوئٹر
سندھ حکومت نے دارالحکومت کراچی کے بعد صوبے کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کا آغاز جولائی 2022 سے دارالحکومت کراچی سے کیا تھا اور ابتدائی طور پر شہر کے 8 روٹس پر انہیں چلایا گیا تھا لیکن بعد ازاں انہیں 15 سے زائد روٹس پر چلایا گیا۔
اس وقت پیپلز بس سروس کے تحت کراچی میں 300 سے زائد سرخ رنگیں جدید بسیں یومیہ ہزاروں افراد کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں، تاہم اب ان بسوں کا دائرہ بڑھا کر حیدرآباد تک کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
چین سے منگوائی گئیں یہ بسیں 14 میٹر طویل ہیں۔ ان میں 30 نشستیں ہیں۔ ایک بس میں تقریباً 100 افراد کے کھڑے ہو کر سفر کرنے کی گنجائش ہے۔
وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ جلد ہی حیدرآباد میں بھی پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی، انہوں نے دسمبر تک وہاں بس سروس شروع کیے جانے کا عندیہ دیا۔
Good News for people of #Hyderabad. Today we have started test drive for the People’s Bus Service in hyderabad. Inshallah end of this month we will be able to start the proper bus service for the public. Sindh govt’s Transport department is focusing on the best transport service pic.twitter.com/y0U8sKd1aC
— Sharjeel Inam Memon (@sharjeelinam) November 1, 2022
اپنے پیغام میں صوبائی وزیر نے تحریر کیا کہ آج ہم نے حیدرآباد میں پیپلز بس سروس کے لیے ٹیسٹ ڈرائیو کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انشاء اللّٰہ اس ماہ کے آخر میں ہم عوام کے لیے مناسب بس سروس شروع کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا محکمہ ٹرانسپورٹ شہریوں کو بہترین ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے پر توجہ دے رہا ہے۔