سندھ میں ججز کے ٹیسٹ میں 3300 میں سے 370 امیدوار پاس
فائل فوٹو: فیس بک
سندھ کی ماتحت عدالتوں میں سول اور جوڈیشل میجسٹریٹ کے عہدوں پر بھرتیاں کرنے کے لیے کیے گئے ٹیٹس اور انٹرویوز میں 3300 سے زائد امیدواروں میں سے صرف 370 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ فائنل نتائج کے مطابق انٹرویوز میں 374 امیدوار کامیاب ہوئے، جس کے بعد میرٹ لسٹ جاری کردی گئی اور تمام امیدواروں کو ان کے ڈومیسائلز اور خالی جگہوں پر میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا۔
سول اینڈ جوڈیشل میجستریٹ کے لیے سندھ ہائی کورٹ نے آئی بی اے سکھر کے تحت اگست 2022 میں تحریری امتحانات لیے تھے، جس میں صوبے بھر سے 3350 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔
تحریری امتحانات کو صرف 550 امیدواروں نے پاس کیا تھا، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں صرف 374 امیدوار ہے زبانی امتحان پاس کر سکے۔
تمام امیدواروں سے سینیئر ججز پر مشتمل ٹیم نے زبانی انٹرویو کیا تھا اور امیدواروں کی ان کی تعلیمی قابلیت سمیت ان کی قانونی معاملات پر دسترس اور حاضر دماغی کے علاوہ دیگر قابلیتوں کی بنیاد پر پاس کرکے انہیں میرٹ لسٹ میں شامل کیا گیا۔
میرٹ لسٹ میں ٹاپ 15 میں صرف دو خواتین امیدوار ہی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں، جن میں سے روحا خاصخیلی دوسرے جب کہ سناویرا ہاشمی نے 13 واں نمبر حاصل کیا۔
نوکری کے لیے شارٹ لسٹ کیے جانے والوں میں خواتین سمیت اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے امیدوار بھی ہیں اور زیادہ تر امیدواروں کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے۔