سندھی اداکار علی جونیجو نے عالمی فلمی ایوارڈ جیت لیا

درجنوں تھیٹرز ڈراموں میں شاندار اداکاری کرنے، ان کی ہدایات دینے اور ان کا اسکرپٹ تیار کرنے والے اداکار، ہدایت کار اور لکھاری علی جونیجو کو ان کی آنے والی فلم ’جوائے لینڈ‘ میں شاندار اداکاری پر برازیل میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول میں ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

علی جونیجو آنے والی فلم ’جوائے لینڈ‘ میں حیدر نامی کردار اداکریں گے جو کہ تھیٹر میں کام کرنے کے دوران ایک ٹرانس جینڈرز شخص سے محبت کر بیٹھتا ہے۔

اگرچہ مذکورہ فلم کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور اسے کانز فلم فیسٹیول میں ایوارڈ سے نوازے جانے کے علاوہ دیگر فلموں میں بھی ایوارڈز دیے گئے، تاہم پاکستان میں اس پر تنازع کھڑا کیا جا رہا ہے۔

 

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے فلم کو شادی اور نکاح جیسے ادارے پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی کہانی کو پاکستانی معاشرے کے خلاف قرار دیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ فلم میں عام افراد کو ٹرانس جینڈرز سے محبت کرتے دکھایاگیا ہے اور اس کے ذریعے ہم جنس پرستی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

فلم کی کہانی اور اس پر اختلاف سے ہٹ کر اگر علی جونیجو کی اداکاری کی بات کی جائے تو ان کی اداکاری کو سراہا جا رہا ہے اور اسی وجہ سے ہی برازیل کے شہر ساؤ پولو میں ہونے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں انہیں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

ساؤ فلم فیسٹیول میں دنیا کے مختلف ممالک کی 240 فلمیں پیش کی گئی تھیں مگر بہترین اداکار کا ایوارڈ صرف ایک ہی فلم کے اداکار کو دیا گیا اور یہ ایوارڈ سندھی اداکار علی جونیجو کو دیا گیا۔

علی جونیجو نے ’جوائے لینڈ‘ سے قبل کراچی کے نیشنل پرفارمنگ آرٹ (ناپا) میں متعدد تھیٹرز میں اداکاری کرنے کے علاوہ ان کی ہدایات بھی دی ہیں جب کہ انہوں نے متعدد تھیٹرز کی کہانی بھی لکھی۔

علی جونیجو گزشتہ دو دہائیوں سے آرٹ سے وابستہ ہیں اور انہوں نے بیرون ملک سے آرٹ کی تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے۔

علی جونیجو ساؤ پولو فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیتنے والے نہ صرف پہلے سندھی بلکہ پہلے پاکستانی اداکار بھی ہیں، اس سے قبل وہ رواں برس مئی میں کانز فیسٹیول میں پیش ہونے والے پہلے سندھی اداکار بھی بنے تھے۔

https://www.instagram.com/p/CkdsU9YprUZ/?igshid=YmMyMTA2M2Y=