گھوٹکی میں ڈاکوؤں کا حملہ، ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید

305625_040339_updates

گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے پولیس پر حملے کے نتیجے میں ایک ڈی ایس پی اور 2 ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

ڈی آئی جی پولیس جاوید جسکانی نے بتایا کہ اوباڑو میں کچے کے علاقے رونتی سے مغویوں کی بازیابی کیلئے کچے میں پولیس کیمپ قائم کیا گیا تھا۔

جاوید جسکانی کے مطابق اوباڑو کے کچے کے علاقے رونتی میں 3 مغویوں کی بازیابی کے لیے ڈی ایس پی اوباڑو عبدالمالک بھٹو کی کمانڈ میں آپریشن کیا گیا تھا.

انہوں نے کہا کہ رات کے وقت اچانک ڈیڑھ سو سے زائد ڈاکوؤں نے پولیس کیمپ پر حملہ کر دیا، جس سے ڈی ایس پی، دو ایس ایچ اوز سمیت 5 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔

کئی گھنٹوں بعد ڈاکوؤں نے شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کی لاشیں پولیس کے حوالے کیں۔

ایس ایچ او اوباڑو اصغر اعوان کے مطابق ڈاکوؤں کے حملے میں ڈی ایس پی اوباڑو عبدالمالک بھٹو، ایس ایچ او کھینجو دین محمد لغاری، ایس ایچ او میر پور ماتھیلو عبدالمالک اور 2 پولیس اہل کار شہید ہوئے ہیں۔

مقابلے میں ایس ایچ او رونتی غلام علی بروہی اور دیگر اہل کار زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا.