سندھ میں پہلی ڈرون میڈیکل کٹ سوجھرو متعارف
فوٹو: ٹیک فار لائف، فیس بک
سندھ کی تاریخ میں پہلی بار ڈرون میڈیکل کٹ سوجھرو کو متعارف کرادیا گیا، جس پر جلد ہی سندھ حکومت پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
دنیا بھر میں ڈرون میڈیکل کٹس استعمال کی جا رہی ہیں، تاہم پاکستان جیسے ممالک میں جدید ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے ان استفادہ نہیں کیا جا رہا۔
لیکن اب سندھ میں پہلی ڈرون میڈیکل کٹ متعارف ہونے کے بعد مستقبل میں ملک کے دیگر حصوں میں بھی ایسے ڈرون متعارف کرائے جانے کا امکان پیدا ہوگیا۔
سوجھرو نامی میڈیکل ڈرون کٹ کی تقریب رونمائی دارالحکومت کراچی کے ایک نجی ہوٹل میں ہوئی، جس کی مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو تھیں۔
سندھ میں پہلی میڈیکل ڈرون کٹ متعارف کروادی گئی۔ pic.twitter.com/n1fY441JiW
— Marvi Soomro (@MarviSoomro_) November 22, 2022
سوجھرو نامی ڈرون میڈیکل کٹ کو ٹیک فور لائف نامی ادارے نے کینیڈا کے ماہرین کے تعاون سے تیار کیا ہے، جس میں ہائی ریزولیوشن کیمروں اور ٹیلی میڈیسن سے متعلق مشاورت کے لیے انٹرنیٹ کی سہولت کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں میں مریضوں کا معائنہ کرنے والے آلات بھی ہیں۔
یہ ڈرون کٹ شہر سے دور دراز علاقوں میں پہنچے گی اور وہاں موجود افراد کو انٹرنیٹ کے ذریعے رہنمائی دے کر مریض کا معائنہ کیا جا سکے گا اور ممکنہ طور یہ ڈرون دور دراز علاقوں میں منتوں کے اندر پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تقریب رونمائی میں ٹیک فار لائف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر شارق کھوجا نے بتایا کہ سوجھرو میڈیکل کٹ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے اور سوجھرو سندھی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب روشنی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ڈرونز کو پوری دنیا میں صحت اور انسانی ہمدردی کی تنظیمیں استعمال کر رہی ہیں۔
میڈیکل کٹ کی رونمائی کے موقع پر وزیر صحت نے ٹیلی ہیلتھ پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کے حکومتی منصوبے کا اعلان بھی کیا اور اسے وقت کی ضرورت بھی قرار دیا۔