سندھ حکومت نے ڈاکٹرز کی تنخواہیں بڑھا دیں
فائل فوٹو: فیس بک
سندھ حکومت نے چند ماہ سے احتاج پذیر ڈاکٹرز کی تنخواہیں بڑھانے کی منظوری دے دی، جس کے بعد ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں 25 سے 30 ہزار روپے تک کا اضافہ ہوگا۔
سندھ حکومت نے کچھ ہفتے قبل ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو کورونا کی وبا کے دوران جاری ہونے والا رسک الائونس بند کردیا تھا، جس کے بعد سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹرز، نرس اور دیگر عملہ احتجاج پذیر تھا۔
محکمہ صحت کے ملازمین کو 2020 سے کورونا کی وبا کی وجہ سے رسک الائونس کی مد میں بھی 20 ہزار روپے تک ماہانہ الائونسز دیے جا رہے تھے۔
سندھ حکومت نے ڈاکٹرز کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کی تنخواہیں بڑھادی جائیں گی مگر انہیں اب رسک الائونس نہیں ملے گا اور اب سندھ حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ڈاکٹرز کی تنخواہیں بڑھانے کی منظوری دے دی۔
سندھ کابینہ نے بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز اور ہاؤس افسر کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ سندھ کے پوسٹ گریجوئٹ ڈاکٹرز کی تنخواہ 73 ہزار سے بڑھا کر 1لاکھ 4,ہزار روپے کرنے کی منظوری دی ہے۔
سندھ کے ہاؤس ڈاکٹرز کی تنخواہیں 40 ہزار سے بڑھا کر 69 ہزار کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
سیکرٹری خزانہ کی بریفنگ کے مطابق تنخواہوں کے اضافے بعد سالانہ ایک ارب 60 کروڑ بوجھ سندھ کی بجٹ پر پڑے گا، کابینہ نے مشاورت کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبہ منظور کرلیا۔