نوشہروفیروز میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر لڑکی قتل
فائل فوٹو: ایجنسیز
وسطی سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں ملزم نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر اپنی حاملہ بھابھی کو قتل کردیا، جسے خودکشی کا واقعہ قرار دینے کی کوشش بھی کی گئی۔
نوشہروفیروز کے قریب گائوں محمد مبیجو میں ملزم عزیز اللہ چانڈیو نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر اپنی حاملہ بھابھی خانزادی کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔
خاتون کو قتل کرنے کے بعد ملزم اور ان کے اہل خانہ نے مقتولہ کے ورثا کو پیغام بھجوایا کہ خانزادی اسلحے کے ساتھ ویڈیو بنانے کے دوران اتفاقی گولی لگنے کے بعد جاں بحق ہوئیں۔
مقتولہ کے ورثا نے واقعے سے متعلق پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے لڑکی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی جب کہ مقتولہ کے والدین نے ملزم کو گرفتار نہ کیے جانے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
مقتولہ خانزادی کی شادی 6 ماہ قبل ہوئی تھی اور وہ پہلے بچے کی امید سے تھیں، وہ موبائل پر ویڈیوز اور تصاویر بناتی رہتی تھیں۔
تاہم ان کے دیور کو اس وقت غصہ آیا جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کی بھابھی ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بنا رہی ہیں۔