کینیڈا سے آئی نوابشاہ کی خاتون کراچی میں گولی لگنے سے جاں بحق

The dead woman's body. Focus on hand

فائل فوٹو: ایجنسیاں

صوبائٓی دارالحکومت کراچی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے نوابشاہ سے تعلق رکھنے والی کینیڈا سے آئی خاتون جاں بحق ہوگئی۔

خاتون کچھ دن قبل کینیڈا سے چھٹیوں پر سندھ آئی ہوئی تھیں اور اپنے آبائی شہر نوابشاہ سے گھومنے کے بعد وہ کراچی میں اپنی بہن کے گھر ٹھہریں اور ایک روز بعد وہ کینیڈا جانے والی تھیں۔

کینیڈا جانے کے لیے وہ کراچی کےعلاقے گلستان جوہر میں رہائش پذیر اپنی بہن کے گھر ٹھہریں تھیں، جہاں وہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کے باعث سخت زخمی ہوگئی تھیں اور اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران وہ چل بسیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مقتول خاتون گلستان جوہر میں گھر کی بالکونی پر کھڑی تھیں کہ انہیں گولی آکر لگی، واقعے کے وقت علاقے کے کچھ لوگ ہوائی فائرنگ کر رہے تهے۔

جاں بحق خاتون کے پڑوسیوں نے بتایا کہ عرفانہ اپنی بہن کے گھر کینیڈا سے آئی تھیں، مقتولہ کی بہن رہائشی عمارت کے سیکنڈ فلور پر فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں۔

عرفانہ فلیٹ کی بالکونی پر کھڑی تھی کہ اس دوران علاقے کے کچھ لوگ ہوائی فائرنگ کر رہے تهے، گولی بالکونی میں کھڑی کینیڈین نیشنل خاتون کو لگ گئی جسے زخمی حالت میں اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ دم توڑ گئی۔

مقتولہ کی کل کینیڈا واپسی کی فلائٹ تھی، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

بیوی کے قتل کی خبر سن کر مقتولہ کا شوہر کینیڈا سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگیا جبکہ مقتولہ کے بھائی کے نوابشاہ سے کراچی پہنچنے کے بعد تدفین کا فیصلہ کیا جائے گا۔