پی آئی سی کی جانب سے کراچی میں صحافیوں کے لیے تربیتی ورکشاپ منعقد

رضوان بھٹی ورکشاپ کو خطاب کر رہے ہیں، فوٹو: پی آئی سی

وزارت اطلاعات و نشریات کے ادارے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے منصوبے پاکستان انفارمیشن سینٹر (پی آئی سی) کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کراچی میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

پی آئی سی حکومت پاکستان کا صحافیوں کو تربیت فراہم کرنے کا پہلا اور اب تک کا واحد منصوبہ ہے، جسے صحافی برادری نے بھی سراہا ہے۔

پی آئی سی کی جانب سے ’بزنس اینڈ اکانامکس رپورٹنگ‘ کے عنوان سے کراچی پریس کلب (کے پی سی) میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز 27 دسمبر کو ہوا، جس میں 30 کے قریب صحافیوں نے شرکت کی۔

پروگرام میں ٹرینر کی خدمات ماہر معاشیات اور قانون دان ڈاکٹر مرتضیٰ کھوڑو صاحب نے سر انجام دیں، جنہوں نے صحافیوں کو بہترین کاروباری اور معاشی رپورٹنگ کی مشق کرنے کی مثالیں بھی دیں۔

پروگرام میں کراچی کے علاوہ صوبے کے دیگر شہروں سے بھی کچھ صحافیوں نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ میں ہر عمر، جنس اور مذاہب کے صحافیوں نے شرکت کی۔ معروف ٹی وی چینلز، اخبارات اور ویب سائٹس کے نامہ نگار اور صحافی بھی ورکشاپ کا حصہ تھے۔

دو روزہ ورکشاپ میں سندھ کے مختلف اخبارات، ٹی وی چینلز اور ویب سائٹس کے صحافیوں کو ‘بزنس اینڈ اکنامکس رپورٹنگ’ کے بارے میں تربیت دی گئی۔ ورکشاپ کے دوران صحافیوں کو بروقت اور تیز بزنس رپورٹنگ کے ٹولز سکھائے گئے۔

ٹریننگ کے دوران شرکا نے بزنس اور اکنامکس کے درمیان فرق بھی سیکھا، ساتھ ہی انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی اقتصادیات کی صورتحال کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی۔

کراچی پریس کلب کے سیکرٹری جنرل رضوان بھٹی تربیتی ورکشاپ کے پہلے دن کے مہمان مقرر تھے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں کو معیشت اور کاروبار کی رپورٹنگ کے دوران ملک اور ریاست کو ترجیح دینی چاہیئے‘ انہوں نے کہا کہ صحافی ایسی خبریں نہ دیں جس سے ملکی معیشت پر برا اثر پڑے۔

انہوں نے کچھ ایسی خبروں کی مثالیں بھی دیں جن کا ملکی معیشت پر برا اثر پڑا۔

بعد ازاں انچارج پی آئی سی رحیم بخش نے رضوان بھٹی کو پھولوں کا گلدستہ اور خصوصی تحفہ بھی پیش کیا۔