صوبوں کے قیام کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کے خلاف سندھ ایکشن کمیٹی کا احتجاج

فوٹو: سید زین شاہ، ٹوئٹر

ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کے خلاف سندھ ایکشن کمیٹی کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت صوبے بھر میں احتجاج، مظاہرے اور بھوک ہڑتالیں کی گئیں۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی سندھ ایکشن کمیٹی کی جانب سے صوبائی دارالحکومت میں کراچی پریس کلب (کے پی سی) کے سامنے احتجاجی کیمپ لگائی گئی، جس میں سید زین شاہ کی قیادت میں لوگ بیٹھے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

 

احتجاجی کیمپ میں بیٹھے سید زین شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 1973 کے آئین میں نئے صوبوں کا کوئی ذکر موجود ہی نہیں، ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے پارلیمانی کوششیں کرنا اپنے ہی آئین کی خلاف ورزی ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کے بجائے وفاق میں ہونے والے تمام فیصلے سندھ کے عوام کو ناقابل قبول ہیں۔

 

سید زین شاہ کے مطابق سندھ ایکشن کمیٹی کی کراچی پریس کلب کے امنے ہونے والی بھوک ہڑتال میں سندھ کی مختلف جماعتیں شریک ہیں جو کہ قومی اسمبلی میں نئےصوبوں کی تشکیل کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہی ہیں۔

 

 

صوبائی دارالحکومت کے علاوہ صوبے کے دیگر شہروں اور قصبوں میں بھی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور سندھ ایکشن کمیٹی سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کے خلاف مظاہرے اور احتجاج جاری ہیں۔

حیدرآباد پریس کلب کے باہر بھی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو کی سربراہی میں بھوک ہڑتال کی گئی۔