سندھ کی جیلوں سے رہا ہونے والے افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کردیا گیا
فائل فوٹو: فیس بک
سندھ بھر اور خصوصی طور پر دارالحکومت کراچی اور دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کی جیلوں سے سزا پوری کرنے کے بعد رہا ہونے والے افغانستان کے قیدیوں کو ڈی پورٹ کردیا گیا۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق 8 جنوری کو سندھ کی جیلوں میں قید 530 افغان مرد اور خواتین کی سزائیں پوری ہوئیں، جنہیں ڈی پورٹ کرنے کے لیے براستہ روڈ بلوچستان کے شہر چمن پہنچا دیا گیا، جہاں سے بارڈر سیکیورٹی حکام انہیں اپنے ملک بھیج دیں گے۔
حکام کے مطابق سندھ کی جیلوں سے رہا ہونے والے افغان باشندے 6 بسوں میں کراچی سے باب دوستی پہنچائے گئے۔
دستاویزات کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والے باشندوں میں کراچی اور حیدر آباد کی جیل کے 317 افغان باشندے شامل ہیں جب کہ چمن بارڈر پہنچائے گئے افراد میں حیدر آباد ویمن کی 32 اور کراچی ویمن جیل کی 56 افغان خواتین اور دونوں شہروں کی بچہ جیل سے رہا ہونے والے 41 بچے بھی شامل ہیں۔
دستاویزات کے مطابق رہا ہونے والے تمام قیدی اپنی سزائیں پوری کرچکے، تمام افراد کو مختلف عدالتوں سے 2، 2 ماہ کی سزائیں ہوئی تھیں۔
ایک روز قبل ہی محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس کو افغان قیدیوں کو چمن بارڈر پر لے جانے کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی افغان قونصلیٹ کو بھی شہریوں کو ڈی پورٹ کرنے سے متعلق آگاہ کرد یا تھا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اب بھی سندھ کی جیلوں میں 800 افغان قیدی قید ہیں اور انہیں بھی سزا مکمل ہونے پر ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔