سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پہلی بار خواجہ سرا کی خصوصی نشست

فائل فوٹو: فیس بک

صوبائی دارالحکومت کراچی اور حیدرآباد میں 15 جنوری کو ہونے والے انتخابات میں پہلی بار خواجہ سرا افراد بھی خصوصی نشست پر انتخابی میدان میں اتریں گے۔
دونوں اہم ترین ڈویژنز سے قبل پہلے اور دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں صوبے کے دوسرے اضلاع، ڈویژنز اور علاقوں میں بھی پہلی بار خواجہ سرا افراد نے انتخابات میں حصہ لیا تھا۔
اپریل اور جون 2022 میں سندھ کے دوسرے اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں بھی خواجہ سرائوں نے حصہ لیا تھا اور اب مخںث افراد کراچی اور حیدرآباد ڈویژنز میں ہونے والے انتخابات میں بھی حصہ لیں گے۔
صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں ترمیم کرتے ہوئے خواجہ سرائوں اور خصوصی افراد کے لیے ایک فیصد کوٹہ مختص کیا تھا، یعنی ہر یوسی، ضلع اور ٹائون میں خواجہ سرائوں اور خصوصی افراد کی ایک سیٹ ہوگی۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حیدرآباد اور کراچی ڈویژنز سے ریکارڈ تعداد میں خواجہ سرا افراد جیتیں گے، تاہم ابھی اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
خواجہ سرا افراد بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے اور انتخابات میں اپنی جیت کے لیے پر امید ہیں۔