پچاس ہزار نوکریوں کے لیے آئی بی اے کو 13 لاکھ درخواستیں موصول
فائل فوٹو: فیس بک
پچاس ہزار سرکاری ملازمتوں کے لیے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) یونیورسٹی سکھر کو صوبے بھر سے 13 لاکھ کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جس کے لیے امیدواروں کے ٹیسٹس 17 جنوری سے شروع ہوں گے۔
آئی بی اے سکھر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق صوبے بھر میں سندھ حکومت کے مختلف محکموں، ڈویژنز اور وزارتوں میں گریڈ 5 سے گریڈ 15 کی 50 ہزار ملازمتوں کے ٹیسٹس کا انعقاد 17 جنوری سے شروع ہوا جو رواں ماہ کے اختتام تک جاری رہے گا۔
آئی بی اے کے مطابق سندھ حکومت کی مجموعی طور پر 50 ہزار سے زائد ملازمتوں کے لیے صوبے کے 12 لاکھ 75 ہزار نوجوانوں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں، جس میں سے ہزاروں امیدواروں نے بیک وقت تین تین درخواستیں بھی جمع کروائی ہیں۔
آئی بی اے کی جانب سے میٹرک کی سند کے لیے الگ جب کہ انٹر اور گریجوئیشن کی سند کے لیے الگ الگ درخواستیں منگوائی گئی تھیں، تاہم کوئی بھی امیدوار بیک وقت تینوں کیٹیگریز میں بھی درخواستیں دینے کا اہل تھا اور اسی وجہ سے ہزاروں امیدواروں نے بیک وقت تینوں کیٹیگریز میں بھی درخواستیں جمع کروائی تھیں۔
آئی بی اے کی جانب سے تقریبا 13 لاکھ امیدواروں سے ٹیسٹس لینے کے لیے دارالحکومت کراچی سمیت صوبے کے تمام ڈویژنز اور اضلاع میں ایک درجن کے قریب سینٹرز قائم کیے گئے ہیں اور ٹیسٹس کا سلسلہ 17 جنوری سے شروع ہوا جو کہ مہینے کے اختتام تک جاری رہے گا۔
آئی بی اے کے مطابق پہلے مرحلے میں گریجوئیشن کیٹیگری کے امیدواروں سے ٹیسٹس لیے جا رہے ہیں جو کہ 21 جنوری تک جاری رہیں گے، جس کے بعد ترتیب وار انٹرمیڈیئیٹ کی کیٹیگری اور آخر میں میٹرک کی کیٹیگری کے امیدواروں سے ٹیسٹس لیے جائیں گے۔
نوکری کے لیے تمام امیدواروں کو نصف مارکس حاصل کرنے پڑیں گے، تاہم فوری طور پر صوبائی حکومت نے ملازمتوں کے لیے شارٹ لسٹ کیے جانے والے امیدواروں سے متعلق کوئی واضح پالیسی جاری نہیں کی۔
ممکنہ طور پر سب سے زیادہ مارکس لینے والے امیدواروں کو اعلیٰ گریڈ کی نوکری کے لیے شارٹ لسٹ کیا جائے گا اور اسی طرح ٹیسٹس نمبرز کے حساب اور تعلیمی اسناد کے حوالے سے امیدواروں کو ملازمتوں کے لیے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔