سندھ میں 6 ماہ سے رہنے والوں کو سندھ کا ڈومیسائل جاری کرنے کا بل اسمبلی میں پیش
فوٹو: فیس بک
صوبے سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے قومی اسمبلی میں شہری ایکٹ کے ترمیمی بل کو پیش کردیا گیا، جس کے بعد سندھ میں دوسرے صوبوں کے رہنے والے لاکھوں لوگ سندھ کا ڈومیسائل اور پی آر سی حاصل کر سکیں گے۔
مذکورہ بل کے بعد سندھ کے مقامی لوگ ملازمتوں سمیت تعلیم کے مواقع میں دوسرے صوبوں کے لوگوں سے پیچھے رہ جائیں گے اور سندھی اقلیت میں تبدیل ہوجائیں گے۔
مذکورہ بل کو قومی اسمبلی میں صوبائی دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل نے پیش کیا۔
مذکورہ بل کے تحت ملک میں 6 ماہ سے مقیم افراد کو وہاں کا ڈومیسائل حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جہاں وہ 6 ماہ سے رہ رہے ہوں گے۔
ڈومسائل اور PRC بنانے کے عمل کو اسان بنانے کا بل قومی اسمبلی میں پیش ،تحریک منظور قائمہ کمیٹی کے سپرد۔۔رکن قومی اسمبلی قادرخان مندوخیل pic.twitter.com/s14Xy1k7pB
— Qadir Khan Mandokhail (@MNAmandokhail) January 18, 2023
اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو قادر خان مندوخیل نے پاکستان سٹیزن ایکٹ 1951 کی دفعہ 17 میں ترمیم کا بل پیش کرنے کی اجازت مانگی، اپوزیشن کے بجائے وزیر مملکت شہادت اعوان نے بل کو مزید غور کے لیے متعلقہ کمیٹی کو بھجوانے کی سفارش کی جس کے بعد ڈپٹی سپیکر نے بل کو مزید غور کے لیے متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔
پیش کردہ بل میں کسی بھی شخص کو پاکستانی شہریت یعنی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ دینے کی تجویز شامل کی گئی ہے اور بل میں ایک سال کے بجائے 6 ماہ کی مدت کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
بل کے مطابق ملک کا کوئی بھی شہری کسی بھی صوبے یا شہر میں 6 ماہ رہنے کے بعد وہاں کا ڈومیسائل اور پی آر سی بنوا سکتا ہے اور اسے قانونی طور پر تمام چیزیں دی جانی چاہئیے۔
مذکورہ بل سے صوبہ سندھ میں رہنے والے دیگر صوبوں کے لاکھوں شہریوں کو ڈومیسائل مل جائیں گے۔
متنازع بل کو پیش کیے جانے کے بعد سندھ سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے ارکان سمیت دیگر جماعتوں کے سندھی ارکان نے بل پر اعتراض کرنے کے بجائے خاموش رہے، بل پیش ہونے کے بعد بھی سندھ سے تعلق رکھنے والے مختلف ارکان اسمبلی میں آئے، تاہم انہوں نے بل پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔