سندھ فلڈ ریلیف کے کمبل آن لائن فروخت کیے جانے کا انکشاف
اسکرین شاٹ
سندھ حکومت کی جانب سے فلڈ ریلیف کے کمبل مبینہ طور پر آن لائن فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سندھ فلڈ ریلیف کے کمبل کی مبینہ آن لائن فروخت کا معاملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ سندھ بھر کے سیلاب متاثرین سخت سردی میں ننگے آسمان کے نیچے کمبل اور خیموں کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
سندھ فلڈ ریلیف کے کمبلز کی آن لائن فروخت کا انکشاف صوبہ پنجاب کی سابق رکن اسمبلی نے اپنی ویڈیو میں کیا۔
اس سلسلے میں لاہور سے سابق رکن پنجاب اسمبلی شمسہ علی نے ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہون نے بتایا کہ انہوں نے آن لائن کمبل آرڈر کیے تھے اور جب انہیں کمبل موصول ہوئے تو وہ سندھ فلڈ ریلیف کے نکلے۔
انہوں نے ویڈیو میں بتایاکہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پلیٹ فارم سے خواتین کی مخصوص نشست پر سال 2018 میں پنجاب اسمبلی کی منتخب رکن تھیں۔
شمسہ علی نے بتایا کہ وہ سپریم کورٹ میں وکیل اور قانون دان بھی ہیں۔
اپنی مختصر ویڈیو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انھوں نے چند روز قبل 2 کمبل آن لائن آرڈر کیے تھے، اور ویڈیو میں انہوں نے کمبل آن لائن آرڈر کرنے کی رسید بھی دکھائی ۔
شمسہ علی نے ویڈیو میں ڈلیور کیے گئے کمبل بھی دکھائے ، جن میں سے ایک کمبل کا ٹیگ کاٹ کر غائب کیا جاچکا تھا جبکہ دوسرے کمبل کا ٹیگ موجود تھا جس پر سندھ حکومت کا مونوگرام اور فلڈ ریلیف تحریر تھا۔
ویڈیو میں پی ٹی آئی کی رکن صوبائی اسمبلی نے الزام عائد کیا کہ سندھ کی مافیا مختلف ملکوں کی جانب سے عطیہ کیے گئے ریلیف کا سامان خرد برد کر رہی ہے، یہ مافیا سردی کے موسم میں ریلیف کا ایک کمبل بھی غریب شہریوں تک پہنچنے نہیں دے رہی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مافیا سردی کے موسم میں ریلیف کا ایک کمبل بھی غریب شہریوں تک پہنچنے نہیں دے رہا۔