پی آئی سی کراچی کے تحت فیک نیوز اور اینٹی اسٹیٹ پروپیگنڈا پر ٹریننگ کا انعقاد
فوٹو: پی آئی سی کراچی
(اسٹاف رپورٹر، کراچی) وزارت اطلاعات و نشریات کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے پروجیکٹ پاکستان انفارمیشن سینٹر (پی آئی سی) کے تحت فیک نیوز اور ریاست کے خلاف کیے جانے والے پروپیگنڈا کو پہچاننے کے ٹولز پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ 9 اور 10 مئی کو کراچی کے نجی ہوٹل میں ہوا۔
تربیتی ورکشاپ میں کراچی پریس کلب کے ارکان، متعدد ٹی وی چینلز اور اخبارات سے وابستہ صحافی اور میڈیا اسٹڈیز کے طلبہ نے شرکت کی، علاوہ ازیں صوبے کے دیگر شہروں سے بھی صحافی اور طلبہ آن لائن ورکشاپ کا حصہ بنے۔
دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں جبران اشرف نے ٹرینر کی خدمات سر انجام دیں۔
انہوں نے ٹریننگ کے دوران صحافیوں اور طلبہ کو نہ صرف فیک نیوز اور اینٹی اسٹیٹ پروپیگنڈا کو پہچاننے بلکہ صحافی اقدار اور اخلاقیات سے متعلق بھی تربیت فراہم کی۔
انہوں نے شرکا کو فیک نیوز اور اینٹی اسٹیٹ پروپیگنڈا کو پہچاننے کے جدید ٹولز سکھائے۔
کراچی پریس کلب (کے پی سی) کے سیکریٹری جنرل شعیب احمد سمیت دیگر اہم شخصیات بطور گیسٹ اسپیکر ورکشاپ کے شرکا کو فیک نیوز اور ریاست کے خلاف کیے جانے والے پروپیگنڈے کو پہچاننے کے لیے ٹولز استعمال کرنے سے متعلق آگاہی دی۔
ورکشاپ کے دوسرے روز پی آئی ڈی کی ڈی جی پی آر میڈم ارم تنویر نے ٹرینر، گیسٹ اسپیکرز اور تربیت حاصل کرنے والے صحافیوں اور طلبہ کو سرٹیفکیٹس دیے۔
یاد رہے کہ پاکستان انفارمیشن سینٹر اب تک ملک بھر میں 11 ہزار کے قریب صحافیوں، طلبہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو تربیت فراہم کر چکا ہے اور پاکستان انفارمیشن سینٹر چاروں صوبوں، گللگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں صحافیوں کو تربیت فراہم کرتا ہے۔