امیتابھ بچن نے گھوٹکی کے بچے کو بھارتی قرار دے دیا

مقبول بھارتی اداکار امیتابھ بچن نے شاندار کرکٹ کھیلنے والے شمالی سندھ کے ضلع گھوٹکی کے ایک کم سن بچے کو غلطی سے بھارتی قرار دے دیا، جس پر بعض پاکستانی افراد نے انہیں بتایا کہ بچہ پاکستانی ہے۔

امیتابھ بچن نے نسٹاگرام پر گھوٹکی کے بچے کی ویڈیو شیئر کی ، جس میں بچے کو کمرے میں شاندارانداز میں کرکٹ شاٹ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

امیتابھ بچن نے بچے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ بھارتی کرکٹ مضبوط ہاتھوں میں ہے اور انہوں نے تصدیق کیے بغیر بچے کو بھارتی قرار دیا۔

 

 

امیتابھ بچن کی جانب سے گھوٹکی کے بچے کو بھارتی قرار دیے جانے پر پاکستانی شوبز شخصیات اور دوسرے سوشل میڈیا صارفین نے انہیں بتایا کہ مذکورہ بچہ بھارتی نہیں بلکہ پاکستان کے صوبہ سندھ کا ہے۔

امیتابھ بچن جس بچے کی ویڈیو شیئر کی، دراصل وہ ضلع گھوٹکی سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی کرکٹ کھیلنے کی ویڈیوز ان کے چچا انسٹاگرام پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔

بچے کے چچا رضا مہر خود بھی کرکٹ سے لگاؤ رکھتے ہیں اور وہ اپنے بھتیجے کو مستقبل کا شاندار کرکٹر دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے وہ جہاں انہیں کرکٹ سکھاتے ہیں، وہیں ان کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر دیتے ہیں۔

 

امیتابھ بچن کی جانب سے شئیر کی جانے والی ویڈیو کو ابتدائی طور پر رضا مہر چند ہفتے قبل اپریل میں شیئر کی تھی۔

رضا مہر کی جانب سے اپنے بھتیجے کی مذکورہ ویڈیو کے علاوہ متعدد ویڈیوز شیئر کی جا چکی ہیں، جن میں بچے کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

رضا مہر کی جانب سے اپنے بھتیجے کی شیئر کی گئی کرکٹ کھیلنے کی بعض ویڈیوز کے بیک گراؤنڈ میں بھارتی گانوں کی آوازیں سنائی دیتی ہیں جب کہ مذکورہ بچے کی کچھ ویڈیوز کے بیک گراؤنڈ میں امیتابھ بچن کی شاعری پڑھنے کی آواز بھی شامل ہے۔