نئوں ڈیرو کے صحافی جمال داؤد پوٹو انتقال کر گئے

شمالی سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے سینیئر صحافی، سماجی رہنما اور سندھ گریجوئیٹ ایسوسی ایشن (سگا) کے سابق عہدیدار جمال داؤد پوٹو عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے۔

جمال داؤد ہوٹو طویل عرصے سے صحافت سے وابستہ تھے، ان کا شمار لاڑکانہ کے ان چند صحافیوں میں ہوتا تھا، جنہوں نے علاقے کے مسائل کو اپنی صحافت کے ذریعے حکمرانوں تک پہنچایا۔

جمال داؤد پوٹو اپنے صحافتی کیریئر کے دوران متعدد سندھی، اردو اور انگریزی اخباروں اور نشریاتی اداروں سے وابستہ رہے جب کہ وہ سگا کے عہدیدار بھی رہے۔

جمال داؤد پوٹو گزشتہ کچھ عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور چند دن قبل وہ علاج کے سلسلے میں دارالحکومت کراچی کے نجی اسپتال میں داخل ہوئے تھے، جہاں وہ دل میں تکلیف کے باعث 18 مئی کو انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال پر صحافیوں، تعلیم دانوں اور سماجی ارکان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں جب کہ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔

جمال داؤد پوٹو کے بیٹے صمد داؤد پوٹو بھی صحافت سے وابستہ ہیں۔