پہلی سندھی اداکارہ کی فلم کانز فیسٹیول میں پیش
دنیا کے قدیم ترین اور معروف فلمی میلے کانز فلم فیسٹیول کی تاریخ میں پہلی بار ایک سندھی اداکارہ کی فلم کو نمائش کے لیے پیش کردیا گیا۔
کانز فلم فیسٹیول فرانس میں منعقد ہوتا ہے، جہاں دنیا کے درجنوں ممالک کی فلموں کو پیش کیا جاتا ہے، مذکورہ فلم فیسٹیول میں سندھی اداکارہ بختاور مظہر پلیجو کی فلم ان فلیمز کو 19 اور 20 مئی کو پیش کیا گیا۔
بختاور مظہر پلیجو سینیئٹر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما سسئی پلیجو کی چھوٹی بہن ہیں، وہ مذکورہ فلم سے قبل متعدد تھیٹرز میں بھی کام کر چکی ہیں۔gya
کینیڈین نژاد پاکستانی فلم ساز ضرار خان کی ہدایات کردہ فلم ’ان فلیمز‘ کو کانز فیسٹیول میں 19 مئی کو ’ڈائریکٹرز فورٹ نائٹ میں پیش کیا گیا، جہاں ہدایت کاروں کی پسندیدہ فلموں کی خصوصی نمائش کی جاتی ہے۔
کانز فیسٹیول کے عالمی میلے میں موجود ناظرین کی جانب سے فلم کو سراہا گیا اور ہال تالیاں سے گونج اٹھا۔
’ان فلیمز‘ کی کہانی ماں اور بیٹی کے گرد گھومتی ہے جو گھر کے مرد سرپرست کی موت کے بعد زندگی کو آگے بڑھانے کے دوران مشکلات اور مسائل کا سامنا کرتی ہیں۔
فلم میں کوئی بھی گلیمر یا گانا موجود نہیں، اس کی کہانی انتہائی سادہ مگر آرٹ سے بھرپور رکھی گئی ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے ساتھ جڑے رہنے پر مجبور کرتی ہے۔
فلم کی کہانی بھی ضرار خان نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں، فلم کی مکمل شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی اور اس کی کاسٹ میں شامل زیادہ اداکار بھی سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔
یہ پہلا موقع تھا کہ میلے میں سندھ کے چھوٹے شہر ٹھٹہ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ کی فلم کو منتخب کیا گیا، اس سے قبل گزشتہ برس 2022 میں بھی سندھی اداکار علی جونیجو کی فلم جوائے لینڈ کو کانز فیسٹیول میں پیش کیا گیا تھاَ
علی جونیجو پہلے سندھی اداکار بنے تھے جن کی فلم کو کانز میں دکھایا گیا اور اب بختار مظہر پلیجو پہلی اداکارہ بن گئیں، جن کی فلم دنیا کے بڑے میلے میں دکھایا گیا۔