سی ایس ایس پاس کرنے والے ٹاپ ٹین امیدواروں میں سندھ کی بریرہ بلو بھی شامل

فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) 2022 کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا، جس میں صرف 374 امیدوار ہی پاس ہو سکے۔

نتائج کے مطابق سی ایس ایس کے امتحانات میں ٹاپ ٹین پوزیشن حاصل کرنے والے دس امیدواروں میں سندھ کی واحد لڑکی بریرہ بلو شامل ہیں جب کہ مجموعی طور پر سندھ کے 65 امیدوار اعلیٰ امتحان پاس کر سکے۔

سی ایس ایس کے امتحان میں 20262 امیدوار شریک ہوئے تھے، جس میں سے صرف 374 امیدوار کامیاب ہوسکے لیکن کمیشن نے اس سے کم یعنی 237 امیدواروں کو مختلف اداروں میں ملازمتیں دینے کی سفارش کی ہے، باقی امیدواروں کو اگرچہ ادارے الاٹ کیے گئے ہیں، تاہم انہیں تعینات کرنے کی سفارش نہیں کی گئی۔

کمیشن کے مطابق فوری طور پر 146 مرد اور 91 خواتین امیدوار کو کامیاب قرار دے کر انہیں مختلف اداروں میں تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ امتحانات کے دوران کامیابی کا تناسب صرف 1.85 فیصد رہا۔

ایف پی ایس سی کے مطابق تحریری امتحان میں 374 امیدوار کامیاب ہوئے تھے، جس میں سے سب سے زیادہ 247 کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے جب کہ سندھ سے محض 65 امیدوار پاس ہوئے، جس میں سے 15 اربن سندھ کے تھے جب کہ مجموعی طور پر سندھ سے دو درجن کے قریب خواتین امیدوار بھی کامیاب ہوئیں۔

سی ایس ایس پاس کرنے والے دوسرے صوبوں میں خیبرپختونخوا 45 امیدواروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا جب کہ بلوچستان کے 7، آزاد کشمیر کے بھی 7 اور گلگت بلتستان کے 4 امیدوار پاس ہوئے۔

سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والے سرفہرست 10 امیدواروں میں طلحہ رفیق، یاسر بلال، احمد حسن چٹھہ، محمد اویس سلطان، نعمان حفیظ، عائشہ ناصر، بریرہ بلو، حرا احسن، نور محمد اور علینہ شکیل ناگرہ شامل ہیں۔

امتحانات میں ٹاپ ٹین پوزیشن کرنے والوں میں سندھ کی واحد امیدوار بریرہ بلو ساتویں نمبر پر ہیں، انہیں پولیس میں تعینات کرنے کی سفارش کی گی ہے۔