کراچی کی میئرشپ کا معاملہ، پی ٹی آئی کا حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کا اعلان
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں میئر شپ کے امیدوار اور مذہبی پارٹی جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یوسی چیئرمینز نے میئر شپ کے لیے ووٹ دینے سے انکار کردیا۔
صوبے بھر میں میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمینز کا انتخاب 15 جون کو ہوگا۔
خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پی ٹی آئی ارکان جماعت اسلامی کے میئر کے امیدوار حافظ نعیم کو ووٹ دیں گے، تاہم اب انہوں نے انہیں ووٹ دینے سے انکار کردیا۔
جیو ٹی وی سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے منتخب چیئرمین اسد امان کا کہنا تھاکہ کراچی کی پارٹی قیادت کے فیصلوں سے اختلاف کرتے ہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کے فیصلے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہم چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
حافظ نعیم میئر بننے کی لاعلاج بیماری میں مبتلا ہیں، سعید غنی
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف تھےاور ہیں مگرجماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دینگے، ہم اپنے فیصلے میں خود مختار ہیں ہمیں کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں، تقریباً 40 پی ٹی آئی کے چیئرمین میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں نہیں جائینگے.
اسد امان کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ بھرپورمخالفت کی، ہم حافظ نعیم کو ووٹ نہیں دیں گے، چیئرمین تحریک انصاف ہمیں بلائیں تو بات بن سکتی ہے۔
پی ٹی آئی کے انکار کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار کے مرتضیٰ وہاب کے میئر منتخب ہونے کے امکانات واضح ہوگئے ہیں۔