سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ کے پیش نظر کیٹی بندر خالی کرنے کا حکم

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ 13 جون کی صبح تک سندھ سے 470 کلو میٹر دوری پر موجود تھا، جو اگلے تین دن کے اندر سندھ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔

نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے مطابق یہ طوفان اب کمزور ہو کر خطرناک سائیکلون طوفان کی کیٹیگری 3 میں تبدیل ہو گیا ہے، طوفان کی زیادہ سے زیادہ شدت کے ساتھ ہوائیں 140سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ سسٹم سینٹر کے ارد گرد 170 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان 13 جون کی صبح تک دارالحکومت کراچی سے 470 کلومیٹر دور، ٹھٹہ سے 460کلومیٹر اور اورماڑہ سے 570 کلومیٹر دور موجود تھا۔

چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز نے کہا کہ اس سمندری طوفان کا بھارت میں گجرات کے علاقے کچھ سے ٹکرانے کا امکان ہے لیکن اس کا بیرونی دائرہ زیریں سندھ سے گزرنے کا بھی امکان موجود ہے۔

دوسری جانب طوفان کے پیش نظر ٹھٹہ بدین اور سجاول سمیت ساحلی پٹی سے انخلا تیز کردیا گیا ہے، طوفان کی آمد سے قبل 90 ہزار افراد کا انخلا مکمل کرنے کا ٹارگٹ ہے جس کے باعث کیٹی بندر شہر خالی کرایا جارہا ہے جب کہ بدین اور سجاول سے بھی متاثرین کی ریلیف کیمپوں میں منتقلی کی جارہی ہے۔

کراچی کینٹ، بدین اور حیدرآباد سے پاک فوج کے دستے امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے ساحلی علاقوں میں بھیجے گئے ہیں جب کہ میرین سکیورٹی، رینجرز اور منتخب نمائندے ساحلی پٹیوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرانے میں مصروف ہیں۔