عشق دی تسبیح کے معاملے پر انینا فدا اور فائزہ علی آمنے سامنے

فائزہ علی نے انینا فدا سے معافی بھی مانگ لی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

نوجوان گلوکارہ فائزہ علی کی جانب سے حال ہی میں یوٹیوب پر عشق دی تسبیح گانا ریلیز کیے جانے کے بعد ایک اور معروف گلوکارہ انینا فدا علی نے ان پر گانے کی شاعری اور دھن چوری کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف کاپی رائٹس ایکٹ کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی۔

دونوں گلوکارائوں میں اس وقت گانے کے کاپی رائٹس پر تنازع سامنے آیا جب کہ فائزہ علی نے گانے کو یوٹیوب پر ریلیز کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فائزہ علی کی جانب سے گانے کو ریلیز کیے جانے سے محض تین ہفتے قبل ہی انینا علی نے عشق کی تسبیح کو ریلیز کیا تھا۔

انینا علی نے عشق دی تسبیح کو جولائی کے آغاز میں اپنے یوٹیوب پر ریلیز کیا تھا، جس کے بعد فائزہ علی نے اسی گانے کو ایک میوزک لیبل کمپنی کے اشتراک سے شیئر کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا، جس کے بعد انینا علی نے ان کے خلاف کاپی رائٹس ایکٹ کے تحت کارروائی کا اعلان کیا۔

سوشل میڈیا پر دونوں گلوکارائوں کے درمیان ہونے والے تنازع کے بعد لوگوں نے اپنی پسندیدہ گلوکارائوں کا ساتھ دیا۔

انینا فدا علی فائزہ علی کا گانا ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے بڑی محنت سے عشق دی تسبیح کی دھن تیار کی مگر فائزہ علی اور ایک میوزک لیبل کمپنی نے ان کی اجازت کے بغیر اسے کاپی کیا، جس کے بعد اب وہ ان کے خلاف کاپی رائٹس ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گی۔

 

https://www.youtube.com/shorts/gze3mmhVn3E

انینا فدا گلوکارہ کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرنے کے بعد امریکی دورے پر روانہ ہوگئیں، تاہم دوسری طرف فائزہ علی نے ایک ویڈیو کے ذریعے گلوکارہ سے معافی بھی مانگ لی۔

فائزہ علی نے یوٹیوب پر جاری کردہ اپنی ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ انہیں عشق دی تسبیح کا گانا گانے کے لیے میوزک لیبل کمپنی کے مالک نے کہا اور انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ وہ گانا انینا فدا نے بنایا۔

انہوں نے انینا فدا سے معافی بھی مانگی، تاہم دوسری جانب میوزک لیبل کمپنی کے مالک نے مہران ٹی وی سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے فائزہ علی کو چوری شدہ گانے کے لیے دبائو نہیں ڈالا تھا، گلوکارہ نے اپنی مرضی سے انینا فدا کے گانے کو گایا۔

فائزہ علی کی جانب سے معافی مانگے جانے کے بعد ممکنہ طور پر انینا فدا اب ان کے خلاف کاپی رائٹس ایکٹ کے تحت کوئی کارروائی نہیں کریں گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، کیوں کہ انینا فدا فی الحال امریکی دورے پر چلی گئی ہیں۔

فائزہ علی اور انینا فدا کا شمار سندھ کی معروف گلوکارائوں میں ہوتا ہے، سوشل میڈیا پر فائزہ علی زیادہ مقبول ہیں اور انہیں پہلے سے بنائی دھنوں پر گلوکاری کرنے کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔