لاڑکانہ کے کالج میں سمر کیمپ کے دوران طالبات کی بائیک رائیڈنگ کلاسز پر پرنسپل کی تعریفیں

شمالی سندھ کے ضلع لاڑکانہ کے بیگم نصرت بھٹو کالج میں گرمیوں کی چھٹیوں میں طالبات کو بائیک رائیڈنگ سکھانے پر کالج کی پرنسپل ثمینہ ابڑو کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

سندھ بھر کے کالجز میں جون اور جولائی میں گرمیوں کی سالانہ چھٹیاں ہوتی ہیں، اس دوران تعلیمی اداروں میں سمر کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس دوران بچوں کو مختلف کام سکھائے جاتے ہیں۔

لاڑکانہ کے لڑکیوں کے کالج بیگم نصرت بھٹو کی پرنسپل ثمینہ ابڑو نے اس بار سمر کیمپ میں طالبات کو موٹر سائیکل چلانے کی تربیت دینے کا فیصلہ کیا ، جس پر ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں ۔

ان کی جانب سے طالبات کو موٹر بائیکنگ سکھانے کے لیے خاتون انسٹرکٹر کی خدمات لی گئیں، جب کہ بچیوں کو بھی موٹر سائیکلیں دلوائی گئیں۔

کالج کے سمر کیمپ میں لڑکیوں کو بائیکنگ سکھانے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پرنسپل ثمینہ ابڑو کی تعریفیں کی گئیں۔

لوگوں نے طالبات کو بائیکنگ سکھانے کے عمل کو لڑکیوں کی خودمختاری کا آغاز قرار دیتے ہوئے پرنسپل کے قدم کو سراہا۔