کراچی کے ہوٹلوں پر بیٹھے افراد کو لوٹنے والا افغان اور پشتون گروہ گرفتار

صوبائی دارالحکومت کراچی کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نارتھ ناظم آباد سے چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے افراد کو لوٹنے والے افغان اور پشتون گروہ کو گرفتار کرلیا، جن سے درجنوں موبائل فونز، موٹر سائیکل اور چوری کی دیگر اشیا بھی برآمد کرلی گئیں۔

ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کے مطابق ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد امجد کیانی نے خفیہ اطلاع پر لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ڈاکو عذیر ولد مومن کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

گرفتار ڈکیت نے اپنے ساتھی گل زمان کے ہمراہ نارتھ ناظم اباد بلاک اے گولڈن گیٹ کے عقب میں قائم چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ہوئے شہریوں سے 6 موبائل فونز اور نقدی چھینی تھی جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ڈکیت نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گلشن اقبال ، اورنگی ، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد ، میٹرک بورڈ آفس اور فائیو اسٹار چورنگی پر 20 سے زائد وارداتیں کرچکا ہے۔

ڈاکو واردات کے دوران چھینے گئے موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرتے تھے اور آئی فون کی آئی کلاؤڈ آئی ڈی کو بھی بائی پاس کر کے حسین علی نامی شخص کے ذریعے فروخت کر دیتے تھے، ابتک اس طریقے سے 150 سے زائد موبائل فونز فروخت کر چکے ہیں۔

رجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول ، لوڈڈ میگزین ، چھینے گئے 6 موبائل فونز اور سولجر بازار سے چھینی گئی ساڑھے تین لاکھ روپے مالیت کی سوزوکی موٹر سائیکل 110 برآمد ہوئی ہے جس کا مقدمہ بھی درج ہے۔

ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد امجد کیانی نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت عزیر کا آبائی تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے کالا ڈھاکہ سے ہے، پولیس کو اس کی آبائی علاقے میں اسلحے سے فائرنگ کرنے کی ویڈیو بھی ملی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق اس ڈکیت گروہ میں افغانی بھی شامل ہیں جو ہوٹلوں پر لوٹ مار سمیت اسٹریٹ کرائمز کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف تحقیقات جاری ہے ۔