فلم ساز ابو علیحہ کا سندھی فلم ’بھوپو‘ بنانے کا اعلان

فلم ساز ابو علیحہ نے سندھی زبان میں فلم بنانے کا اعلان کر دیا، اس سے قبل آخری بار 1997 میں سندھی زبان میں فلم ریلیز کی گئی تھی۔

’دادل‘ اور ’جاوید اقبال – ان کہی کہانی‘ جیسے منفرد موضوعات پر فلم تخلیق کرنے والے مایاناز فلم ساز ابو علیحہ نے اپنی ٹوئٹس کے ذریعے سندھی زبان میں فلم بنانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ عمرکوٹ ، تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ نرملا نے تھرپارکر سے کراچی آکر ان کی فلم کے لئے 2 گانے ریکارڈ کروا دیئے ہیں۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے اس حوالے سے بتایا کہ وہ ان دنوں اپنی سندھی فیچر فلم ‘بھوپو’ کی ہدایت کاری میں مصروف ہیں جس کی کہانی انہوں نے خود لکھی ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آخری سندھی فیچر فلم 1997 میں ریلیز ہوئی تھی، 26 سال بعد اس زبان میں فلم تحریر کی ہے۔

انہوں نے فلم کی کہانی بتاتے ہوئے بتایا کہ فلم تھرپارکر اور راجستھان کے قدیم بھوپا قبائل پر مبنی ہے جس کی سیکڑوں سال پرانی وراثت ہے۔ وہ اکثر کالے جادو کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔ یہ فلم ایک کلاسٹروفوبک تھرلر ہے جس کی کہانی محبت اور بقا کے گرد گھومتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم میں حقیقت سے قریب تر رنگ بھرنے کے لئے انہوں نے سندھی اداکاروں کو مرکزی کرداروں کے لئے منتخب کیا ہے جو زبان سے اچھی طرح واقف رکھتے ہیں، حتیٰ کہ معاون اداکار بھی تھرپارکر سے چنے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے لئے انہوں نےایک ایکٹنگ کوچ بھرتی کیا ہے جو ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ورکشاپس کا انعقاد کرے گا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ فلم کی شوٹنگ سندھی زبان ہوگی جبکہ اردو زبان میں ڈب کی جائے گی اور اسے بین الاقوامی سطح پر ریلیز کیا جائے گا۔