شاعر و موسیقار بیدل مسرور کے بیٹے ہنس مسرور کراچی سے اغوا

شاعر، لکھاری، موسیقار، گلوکار و اداکار بیدل مسرور نے بتایا ہے کہ ان کے بیٹے ہنس مسرور کو دارالحکومت کراچی کی معروف شاہراہ فیصل سے اغوا کرلیا گیا۔

بیدل مسرور نے اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ان کے بیٹے ہنس مسرور کو شاہراہ فیصل پر موجود فنانس ٹریڈ سینٹر (ایف ٹی سی) کی عمارت کے قریب سے سادہ لباس میں ملبوس نامعلوم افراد ویگو گاڑی میں اغوا کرکے لیے گئے۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے بیٹے کے اغوا کے خلاف قریبی پولیس تھانے میں رپورٹ بھی درج کروادی ہے تاہم 12 گھنٹے سے زیادہ وقت گزر جانے کے باوجود بیٹے کا علم نہیں ہو سکا۔

انہوں نے فیس بک پوسٹ میں بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی بازیابی اور باحفاظت واپسی کے لیے مداحوں اور دوستوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بیدل مسرور کے بیٹے ہنس مسرور ٹریڈ کارپوریشن کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائیز کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے تھے اور اسی سلسلے میں وہ ایف ٹی سی میں متعلقہ دفاتر آتے جاتے تھے۔

بیدل مسرور اور ان کے اہل خانہ کے قریبی ذرائع نے الزام عائد کیا کہ ہنس مسرور کو اغوا کیے جانے کے وقت مسلح افراد کے ہمراہ پولیس کی وردی میں بھی بعض لوگ موجود تھے۔

تاحال پولیس سمیت حکومت سندھ نے اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا، دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین نے ہنس مسرور کی باحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے ٹوئٹر پر ریلیز ہنس مسرور کا ہیش ٹیگ بھی چلایا اور متعدد افراد نے بیدل مسرور سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔

https://twitter.com/OfficialAlmani/status/1681602803385643008

بیدل مسرور ماضی میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے پروڈیوسر بھی رہے ہیں، انہیں سندھ کے قومی گلوکاروں میں شمار کیا جاتا ہے، ان کے زیادہ تر گانے سندھ دھرتی سے محبت پر ہیں، ان کے گانوں پر نوجوان آج بھی جھوم اٹھتے ہیں۔

بیدل مسرور کو ہنس مسرور کے علاوہ بھی دیگر بچے ہیں اور ان کے ایک بیٹے پارس مسرور اداکار ہیں جو متعدد ڈراموں اور فلموں میں بھی جوہر دکھا چکے ہیں۔