سندھ حکومت کا 150 سال پرانا مری ماتا مندر دوبارہ تعمیر کروانے کا اعلان
سندھ حکومت نے دارالحکومت کراچی کے علاقے سولجر بازار میں بلڈرز کی جانب سے منہدم کیے گئے ڈیڑھ سو سال تاریخی مری ماتا مندر کو دوبارہ تعمیر کروانے کا اعلان کردیا۔
بلڈرز مافیا نے مندر کو چند دن قبل رات کے وقت میں منہدم کردیا تھا، مری ماتا کا مندر مکھی چوہترم روڈ پر واقع ہے جو سولجر بازار پولیس اسٹیشن کے بالکل قریب ہے، جسے رات کی تاریکی میں منہدم کیا گیا تھا۔
قدیم مندر کی مسماری کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت سندھ حرکت میں آگئی تھی اور اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ وہ اقلیتی برادری کی عبادت گاہ کے ڈھانچے کو مسمار کرکے کسی بھی تجارتی عمارت کی تعمیر کی اجازت نہیں دے گی اور اب حکومت نے وہاں دوبارہ مندر تعمیر کروانے کا اعلان کردیا۔
بلڈرز نے کراچی کا ڈیڑھ سو سالہ قدیم مری ماتا مندر مسمار کردیا
حکومت سندھ نے صوبائی اسمبلی کو 18 جولائی کو آگاہ کیا کہ حکومت سولجر بازار میں واقع 150 سال پرانے مری ماتا مندر کی بحالی اور تعمیر نو کرے گی۔
وقفہ سوالات کے دوران ایک بیان اور ارکان اسمبلی کے تحریری اور زبانی سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے کہا کہ کسی بھی مندر کو مسمار کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی امور کی ایک ٹیم رپورٹ تیار کرنے کے لیے جگہ کا سروے کرے گی، یہ محکمہ اس مندر کی ہی جگہ پر دوبارہ مندر کی تعمیر کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ احاطے میں رہنے والی خاتون نے دعویٰ کیا کہ ان کے آباؤ اجداد نے مندر کی تعمیر کے لیے اپنی زمین عطیہ کی تھی اور اب وہ اس جگہ پر اپنا مکان بنا رہی ہیں۔