سندھ بھر میں ڈویژن سطح پر ٹرانسجینڈرز اسکول قائم کرنے کا فیصلہ
سندھ کے وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ ملک کا واحد صوبہ بننے جا رہا جہاں ٹرانسجینڈر ایجوکیشن پالیسی نافذ ہوگی، جس کے تحت ٹرانسجینڈر افراد کو ہر شعبے میں تعلیم دی جائے گی۔
اس حوالے سے جاری بیان کے مطابق سید سردار شاہ کی صدارت میں ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی کے سلسلے میں اہم اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیف ایڈوائزر جائکا عابد گل اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی ڈرافٹ اور اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو تعلیم حاصل کرنے کے حوالے سے بہت سی مشکلات کا سامنہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ٹرانس جینڈر اسکول کھولے جائیں گے۔
وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ معاشرتی رویوں اور اچھی تعلیم حاصل نہ کرنے کی وجہ سے ٹرانس جینڈر کمیونٹی روزگار کے اچھی مواقع نہیں مل پاتے۔
سردار شاہ نے کہاکہ تعلیم کے بنیادی حق 25-A کے تحت ہر شہری کو تعلیم دینا ریاست کا کام، ٹرانس جینڈر کمیونٹی بھی اس ملک کے شہری ہیں۔ ملک میں ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی لانے والا سندھ واحد صوبہ ہے۔
ان کے مطابق فارمل تعلیم کے علاوہ ہم ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی میں نان فارمل اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کو بھی ہم پالیسی کا حصہ بنائیں گے۔