سندھ سیکریٹریٹ سے چور تاریں لے اڑے

سندھ بھر کے حکومتی معاملات چلانے کے لیے حکومتی دفاتر پر قائم اہم ترین عمارت سندھ سیکریٹریٹ بھی چوروں سے محفوظ نہ رہ سکی اور چور عمارت کے اندر سے ایئرکنڈیشنڈز کی تاریں لے اڑے۔

سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت دارالحکومت کے ریڈ زون میں موجود ہیں، جہاں اعلیٰ سیکیورٹی ہوتی ہے اور اس کے قریب سندھ اسمبلی کی عمارت سمیت سندھ ہائی کورٹ اور متعدد پولیس تھانے بھی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سندھ سیکریٹریٹ کے دونوں مرکزی دروازوں پر پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوتے ہیں جب کہ اندر عمارت میں خفیہ کیمرے بھی لگے ہوئے ہوتے ہیں، تاہم اس باوجود چوری بیرک نمبر 16 سے اے سی کے پیتل کے تار لے اڑے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرکنڈیشنڈز کی تاریں چوری ہونے کے بعد متعدد دفاتر کی اے سیز بند ہوگئیں اور افسران نے دفاتر آنا چھوڑ دیا، جس وجہ سے وہاں کے تمام دفتری معاملات بھی ٹھپ ہوگئے۔

اے سی نہ چلنے اور گرمی ہونے کی وجہ سے جہاں افسران نے آنا چھوڑ دیا، وہیں نچلے عملے کے اہلکار بھی دفتر میں کم بیٹھنے لگے اور وہاں کام سے آنے والے افراد پریشان ہوگئے۔

سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت سے چوری ہونے کے بعد تاحال چوروں کو پکڑنے اور ان کا سراغ لگانے میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔