سکھر میں سینیئر صحافی جان محمد مہر قتل
شمالی سندھ کے سب سے بڑے شہر سکھر میں سینئر صحافی جان محمد مہر کو قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق جان محمد مہر آفس سے گھر جارہے تھے کہ قاسم پارک کے قریب مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔
جان محمد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
علاقے کی پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے جان مہر پر کئی گولیاں چلائیں، جو اپنی کار میں بیٹھے ہوئے تھے۔
چھ دن پہلے ایک صحافی کے قتل کی خبر دینے والا جان محمد مہر آج خود شہید ہوگئے۔ کچھ دن قبل پولیس کو بھی بے نقاب کیا کہ وہ کس طرح لوگوں کو ڈاکوں تک دھوکہ دیکر پنہچواتے ہیں اور پھر پیسے لیکر آزاد کرواتے ہیں۔#janMuhammadMaharShaheed pic.twitter.com/YQ261ZW6h2
— Imtiaz Chandio (@imtiazchandyo) August 13, 2023
پولیس نے بتایا کہ صحافی کو سر اور آنکھوں کے قریب کئی گولیاں لگیں، انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں ایک نجی ہسپتال لے جایا گیا، جس کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
حملے کے پیچھے محرکات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا تاہم پولیس کا خیال ہے کہ پرانی دشمنی کے باعث قتل کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے کہا ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
یہ سندھ پولیس کا اعزاز ہے 15منٹ میں بتا دیا کہ صحافی جان محمد مہر کا قتل ذاتی دشمنی کا نتیجہ تھا یعنی حملہ آور کون تھے کہاں سے آئے کہاں پلاننگ ہوئی صرف پندرہ منٹ جناب یہ دعویٰ ،اگر پولیس کا دعویٰ دشمنی تھی تو کیا جان محمد کسی مقدمے میں ملوث تھا ؟ کیا اگر دشمی ہو تو قتل جائز ہے ؟ pic.twitter.com/V2Xy94wNkN
— Riaz Sohail Janjhi, ریاض سہیل रियाज़ सुहैल (@RiazSangi) August 13, 2023
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صحافی جان محمد مہر کی قاتلانہ حملے میں شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو صحافی جان محمد کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ساتھ ہی ان کے بلند درجات اور ورثا کے صبر کے لیے دعا بھی کی۔
ہمارا جانو قتل ہو گیا، دل دکھی ہے ۔۔
جان محمد مہر اور میں نے تقریبأ ایک ہی وقت صحافت کا آغاز کیا، جان محمد محنتی، بہادر اور صاف گو صحافی، یاروں کا یار ، سکھر میں ہمیشہ اس کے پاس ٹھکانہ رہتا ، آج اچانک خبر ملی کہ جانو حملے میں زخمی ہو گیا، پھر خبر آئی کہ میں جان کی بازی ہار گیا۔ pic.twitter.com/21h1azvB4W— Imdad Ali Soomro (@imdad_soomro) August 13, 2023
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے بھی صوبے کے سینئر صحافی جان محمد مہر پر قاتلانہ حملے میں شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ پولیس صحافی جان محمد مہر کے قتل کے ذمہ داروں کو فی الفور کیفرکردار تک پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ جان محمد مہر کی دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط صحافتی خدمات قابل قدر ہیں۔
کے ٹی این نیوز سکھر کے بیورو چیف سینئر صحافی جان محمد مہر کی جنازے نماز سکھر میں ادا کردی گئی pic.twitter.com/uH9kSJd8zR
— Ali Khoso (@KhosoAliBol) August 13, 2023
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صحافی جان محمد مہر کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور جملہ لواحقین کے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
ادھر سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر سمیت دیگر نے واقعے کی مذمت کی اور پولیس سے 24 گھنٹے میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز ( ایمنڈ) کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سینیئر صحافی جان محمد مہر کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔
ایمنڈ کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ جان محمد مہر کے قتل کی تحقیقات کرائیں۔
ایمنڈ نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ اور آئی جی سندھ صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کوفوری گرفتار کرائیں۔
علاوہ ازیں جان محمد مہر کی شہادت پر لاڑکانہ پریس کلب میں جشن آزادی کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب معطل کردی گئی اورجان محمد مہر کی شہادت پر تین دن سوگ کا اعلان کر دیا۔
دوسری جانب سکھر پریس کلب کے سابق صدر جان محمد مہر کے قتل پر سکھر یونین آف جرنلسٹس نے 10 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔