پی پی حکومت کے خاتمے پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا یوم نجات
سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کی آئینی مدت ختم ہونے پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے صوبے بھر میں یوم نجات کے طور پر جشن منایا گیا۔
یوم نجات کے موقع پر صوبے کے مختلف شہروں میں عوام کو مٹھائیاں کھلائی گئیں اور بھنگڑے ڈالے گئے۔
سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی کال پر سندھ بھر میں 12 اگست کو یوم نجات منایا گیا اور اس کا سلسلہ مزید کچھ دن تک جاری رہے گا۔
دارالحکومت کراچی میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کے خاتمے پر یوم نجات منایا گیا۔ ریلیاں نکالی گئیں، مٹھایاں تقسیم کی گئیں جبکہ عوام نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے۔
سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے کارکنان ریلی کی شکل میں کراچی پریس کلب پہنچے جہاں پر کارکنان نے جشن منایا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں،اس موقع پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے والی ظالم و جابر حکومت کے خاتمے پر ہم پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ سے کرپٹ اور ظالم حکمرانوں کا خاتمہ ہوا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت کا خاتمہ یوم نجات ہے اور آج سندھ کا عوام یومِ نجات منا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا 15 سالہ دور حکومت پاکستان کی تاریخ کا بدترین دور ہے جس میں عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ اور روزگار چھینا گیا۔