مقبول باقر نگراں وزیر اعلیٰ سندھ بن گئے
سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) مقبول باقر نے سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
گورنرہاؤس کراچی میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نگران وزیراعلیٰ سے حلف لیا جہاں سابق وزیر اعلٰی مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔
نگران وزیر اعلٰی سندھ کی تقریب حلف برداری میں سیاسی اور کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں۔
تقریب میں اعلی عدلیہ کے جج صاحبان، مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سابق وفاقی و صوبائی وزرا، کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیات، اعلیٰ افسران اور معززین شہر نے شرکت کی۔
جسٹس مقبول باقر انتخابات کے بعد منتخب ہونے والی نئی حکومت کی تشکیل تک وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات سر انجام دیتے رہیں گے۔
ان کی جانب سے حلف اٹھانے کے بعد اب وہ کچھ دن میں صوبائی کابینہ تشکیل دیں گے۔
خیال رہے 15 اگست کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے سپریم کورٹ کے سابق جسٹس مقبول باقر کو سندھ کا نگران وزیراعلیٰ مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا تھا۔
سپریم کورٹ کے سابق جج مقبول باقر کو وزیراعلیٰ سندھ بنانے پر اتفاق
جسٹس (ر) مقبول باقر 1957 میں پیداہوئے، ان کا تعلق کراچی سے ہے، مقبول باقر نے جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کیا اور 1981 میں وکالت سے منسلک ہوئے۔
مقبول باقر سال 2002 میں سندھ ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے اور پھر سال 2013 میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ مقرر ہوئے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر سال 2015 میں سپریم کورٹ پاکستا ن کے جج مقرر ہوئے اور 4 اپریل 2022 کو سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔
وہ 2013 میں ایک دہشت گرد حملے میں شدید زخمی بھی ہوئے تھے، حملے میں ان کے سکیورٹی عملے سمیت 9 افراد شہید ہوگئے تھے۔