جان محمد مہر کے ورثا کو سندھ حکومت نے ایک کروڑ روپے کا چیک دے دیا

سندھ کے نگران وزیر قانون عمر سومرو اور نگران وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نے حکومت سندھ کی جانب سے اعلان کردہ ایک کروڑ روپے کا چیک مقتول صحافی جان محمد مہر کے ورثا کے حوالے کردیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں نگران وزیر سکھر میں جان محمد مہر کے ورثا کی رہائش گاہ پر پہنچے، جہاں انہوں نے مقتول صحافی کے ورثا سے تعزیت کا اظہار کرنے کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے ورثا کو ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔

بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکھر سمیت قریبی شہروں میں جو بھی قتل و غارت گری کا واقعہ ہوتا ہے تو جرائم پیشہ افراد کچے میں جاکر چھپ جاتے ہیں، یہاں سے کشمور تک کچے میں ڈاکوں کا جو کینسر پھیلا ہوا ہے اس کا صفایا ہونے کی ضرورت ہے۔

سکھر میں سینیئر صحافی جان محمد مہر قتل

اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نے کہاکہ جان محمد مہر کے زخمی ہونے کے بعد اسپتالوں میں بروقت علاج نا ہونے پر غفلت برتی گئی جس پر انکوائری کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم پر کوئی سیاسی پریشر نہیں ہے، بغیر کسی خوف کے تمام چیزوں کو بہتر کریں گے، رانی پور واقعہ کی وجہ سے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم سب اس خاندان اور ایسے تمام بچوں کے قصور وار ہیں، فاطمہ کے ورثا غریب لوگ ہیں انہیں محفوظ مقام پر منتقل کریں گے تاکہ ان پر کسی قسم کا دبائو نہ ہو۔

جان محمد مہر کے قتل کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل